سعودی جوڈو کھلاڑی کو سر ڈھانپنے کی اجازت

عالمی جوڈو فیڈریشن نے سعودی عرب کی خاتون جوڈو کھلاڑی وجدان علی شہرکانی کو اولمپکس کے دوران سر ڈھانپ کر مقابلوں میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔
سولہ سالہ وجدان نے جمعہ کو اٹھہتر کلو گرام درجہ بندی کے مقابلوں میں حصہ لینا ہے۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ’جوڈو فیڈریشن انہیں سر پر ایسا کچھ پہننے کی اجازت دے گی جس سے انہیں نقصان پہنچے کا اندیشہ نہیں ہوگا اور میرا خیال ہے کہ ایشیا میں ہونے والے مقابلوں میں ایسا کچھ استعمال ہوتا ہے‘۔
عالمی جوڈو فیڈریشن نے ابتدائی طور پر کہا تھا کہ انہیں حجاب کے بغیر مقابلے میں حصہ لینا ہو گا اور جوڈو میں حفاظتی نقطۂ نظر سے حجاب ممنوع ہے۔
اس پر وجدان کے والد نے کہا تھا کہ ان کی بیٹی صرف اسی صورت میں مقابلوں میں حصہ لےگی کہ اگر اسے حجاب پہننے دیا جائے اور حجاب اتارنے پر اصرار جاری رہا تو وہ اولمپکس سے دستبردار ہو جائے گی۔
ایک سعودی نمائندہ نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ ان کی تمام خواتین کھلاڑی اسلامی طرز لباس کی پیروی کریں گیں۔
سعودی عرب نے پہلی بار لندن اولمپکس کے لیے دو خاتون اتھیلیٹ بھیجی ہیں جن میں ایک جوڈو اور ایک آٹھ سو میٹر کی دوڑ میں حصہ لیں گی۔



