پیٹرسن ورلڈ کپ سے باہر، مورگن شامل

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
انگلینڈ کے اوپنر کیون پیٹرسن ورلڈ کپ کے باقی میچوں میں حصہ نہیں لے پائیں گے اور ان کی جگہ اووین مورگن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پیٹرسن کو ہرنیا کی بیماری ہے اور پہلے یہ اندازہ تھا کہ ہرنیا اتنا شدید نہیں کہ ان کو کارکردگی کو متاثر کرے۔
تاہم ان کو واپس انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں پیٹرسن کو شدید مشکلات کا سمانا کرنا پڑا۔
انگلینڈ کے کوچ اینڈی فلاور نے بی بی سی سپورٹس کو بتایا ’ورلڈ کپ کے آغاز سے پہلے ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ پیٹرسن ورلڈ کپ کھیل پائیں گے۔ ہرنیا کا مسئلہ اتنا نہیں تھا کہ وہ ورلڈ کپ نہیں کھیل سکتے۔ لیکن بدقسمتی سے پیٹرسن کواتنی سدید تکلیف ہو گئی کہ ان کا کہنا تھا کہ اب میچ کھیلنا مشکل ہو گیا ہے۔ اس لیے فیصلہ بہت آسان تھا۔‘
مورگن کو پہلے ورلڈ کپ میں نہ کھلانے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا تھا کہ ان کی انگلی ٹوٹی ہوئی تھی۔ لیکن وہ توقع سے جلد صحتیاب ہو گئے ہیں۔ وہ اس ہفتے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے کلیئرنس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم میں شریک ہو جائیں گے۔
مورگن کی ایک روزہ میچوں میں بیٹنگ اوسط 38.08 ہے۔ انہوں نے 61 ایک روزہ میچ کھیلے ہیں جن میں انہوں نے چار سنچریاں اور دس نصف سنچریاں سکور کی ہیں۔



