ٹوئٹر پر غصے کا اظہار، پیٹرسن کو جرمانہ

انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم میں شامل نہ کیے جانے کے بعد ٹوئٹر پر اس کا غصہ نکالنے پر بیٹسمین کیون پیٹرسن کو جرمانہ کیا گیا ہے۔
تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ پیٹرسن کو کتنا جرمانہ کیا گیا ہے۔
پیٹرسن کو پاکستان کے خلاف جاری سیریز کے ون ڈے اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے ڈراپ کر دیا گیا تھا اور انھوں نے ٹوئٹر پر اس کے ردِ عمل میں جو لکھا، اس پر جرمانے کے مرتکب قرار پائے۔
تیس سالہ پیٹرسن نے پیر کو لندن میں لارڈز کے میدان میں ایک انضباطی کارروائی میں شرکت کی اور اپنے خلاف دو الزامات کا اعتراف کیا۔ تاہم ان الزامات کی تفصیل کا علم نہیں ہو سکا۔
پیٹرسن نے اپنے کیے پر انگلینڈ کی مینجمنٹ ٹیم سے ’غیر مشروط معافی‘ بھی مانگی ہے۔
انگلینڈ اور ویلز کا کرکٹ بورڈ پیٹرسن سے حاصل شدہ جرمانے کی رقم اپنے نامزد خیراتی اداروں کو دے گا۔
انضباطی کارروائی کی سماعت کے دوران اس پر بات ہوئی کہ پیٹرسن نے ٹیم انگلینڈ کے مفادات کے خلاف گفتگو کی ہے جو ان کی ملازمت کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
پیٹرسن کی ’ٹویٹ‘ بقول ان کے عام لوگوں کے لیے نہیں بلکہ دوستوں کے لیے تھی جس کا احساس ہوتے ہی اسے ’ڈیلیٹ‘ کر دیا گیا۔
کیون پیٹرسن نے انگلینڈ کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ میں فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا لیکن انھوں نے حال ہی میں اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں ان کا اعتماد کا فقدان تھا۔
انگلینڈ کی ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے بعد پیٹرسن نے سرے کاوئنٹی کے لیے کھیلتے ہوئے ایک سو پانچ گیندوں پر ایک سو سولہ رنز بنائے۔



