افغانستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہنچ گیا

افغان کرکٹ ٹیم کو گزشتہ برس ہی ون ڈے سٹیٹس ملا ہے
،تصویر کا کیپشنافغان کرکٹ ٹیم کو گزشتہ برس ہی ون ڈے سٹیٹس ملا ہے

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائنگ مقابلوں میں افغانستان نے متحدہ عرب امارات کو چار وکٹ سے شکست دے کر اپریل میں منعقد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت یقینی بنا لی ہے۔

دبئی میں جاری کوالیفائنگ مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میں متحدہ عرب امارات نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں نو وکٹوں کے نقصان پر سو رن بنائے۔

اس کے جواب میں ایک سو ایک رن کا مطلوبہ ہدف افغانستان نے آخری اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

فائنل میں افغانستان کا مقابلہ آئرلینڈ اور ہالینڈ کے سیمی فائنل میچ کے فاتح سے ہوگا۔ کوالیفائنگ مقابلوں میں فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیمیں اپریل میں ویسٹ انڈیز میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لیں گی۔

خیال رہے کہ افغانستان کی ٹیم گزشتہ دو برس کے دوران حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈویژن فور اور ورلڈ کرکٹ لیگ کے تین مراحل سے گزر کر عالمی کرکٹ کے پہلے درجے کے مقابلوں تک پہنچی ہے۔

افغانستان کو گزشتہ برس سنہ 2011 کے کرکٹ ورلڈ کپ کوالفائنگ مقابلوں میں چھٹی پوزیشن حاصل کرنے پر ون ڈے ٹیم کا سٹیٹس بھی ملا تھا۔