شاہین شاہ آفریدی: انجری کے باعث پاکستانی فاسٹ بولر ایشیا کپ اور انگلینڈ سیریز سے باہر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ انجری کے باعث فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔

ایک بیان میں پی سی بی کا کہنا تھا کہ حالیہ سکینز اور رپورٹس کے بعد شاہین آفریدی کو ’میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور آزادانہ ماہرین نے چار سے چھ ہفتوں کے آرام کی تجویز دی ہے۔‘

تاہم بورڈ نے کہا ہے کہ وہ اکتوبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز میں واپسی کریں گے جس کے بعد وہ آسٹریلیا میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شامل ہوں گے۔

ٹوئٹر پر پیغام میں شاہین آفریدی نے کہا کہ ’ہماری پلیئنگ الیون کا ہر کھلاڑی میچ ونر ہے۔ آئندہ ایشیا کپ میں اپنی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ مداح میری جلد صحت یابی کے لیے مجھے اپنی دعاؤں میں رکھیں۔ انشا اللہ میں جلد واپس آؤں گا۔‘

وہ گال میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران دائیں گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔

پی سی بی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو نے کہا ہے کہ ’شاہین آفریدی سے بات کی ہے اور وہ یہ خبر سن کر اپ سیٹ ہیں۔ وہ ایک بہادر نوجوان ہیں۔ وہ جلد بھرپور انداز سے کرکٹ میں واپس آئیں گے اور ملک کی نمائندگی کریں گے۔‘

بورڈ کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے روٹرڈیم میں ری ہیب کے دوران بہتری دکھائی ہے، اس کے باوجود انھیں مزید بہتری کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔

اس کے مطابق ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کے لیے شاہین آفریدی کے متبادل کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم پیر کو روٹرڈیم سے دبئی روانہ ہوگی۔

ایشیا کپ کا آغاز 27 اگست سے ہو رہا ہے جس میں پہلا مقابلہ سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوگا جبکہ اگلے ہی روز یعنی 28 اگست کو انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیے

'کہتے رہ گئے کہ شاہین شاہ آفریدی انسان ہے، بولنگ مشین نہیں'

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے شاہین آفریدی کی انجری پر افسوس ظاہر کیا ہے تو کچھ کے لیے یہ بظاہر اچھی خبر ہے کہ ان کی ٹیموں کو پاکستان کے سٹرائیک بولر کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا۔

عاطف نواز کا کہنا ہے کہ یہ ’پاکستان کے لیے بُری خبر ہے مگر اب بیک اپ سیمرز کے لیے متاثر کرنے کا موقع بھی ہے۔‘

وشال نامی انڈین صارف نے لکھا کہ شاہین کے ایشیا کپ سے باہر ہونے پر ’آپ کے مطابق اس وقت سب سے زیادہ خوش انسان کون ہے؟‘

منوج چوہان کہتے ہیں کہ ’میرے خیال میں پاکستانی بورڈ چاہتا ہے کہ آفریدی سیدھا ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف کھیلیں۔ اس لیے انھیں ایشیا کپ سے باہر کردیا۔‘

ایک پاکستانی صارف نے لکھا اس سے ’انڈین اوپنرز کو ریلیف‘ مل گیا ہے۔ جبکہ زمان کہتے ہیں کہ ’تینوں فارمیٹ کھلانے کا نتیجہ فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی ایشیا کپ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز سے آؤٹ۔‘

سلیم خالق نے رائے دی کہ وہ ’کہتے رہ گئے کہ شاہین شاہ آفریدی انسان ہے، بولنگ مشین نہیں۔

’اسے دیکھ بھال کر استعمال کریں مگر ارباب اختیار کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔ اس غلطی کا ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑے گا۔‘

خیال رہے کہ انڈین فاسٹ بولرز جسپریت بمرا اور محمد شامی بھی انجری کے باعث ایشیا کپ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ انڈین کپتان روہت شرما نے کہا تھا کہ یہ بولرز ہمیشہ ٹیم کا حصہ نہیں رہ پائیں گے لہذا نوجوان بولرز کو موقع دینا اہم ہے۔