ماسکو: شطرنج کھیلنے والے روبوٹ نے اپنے مدِمقابل سات سالہ بچے کی انگلی توڑ دی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, ایلسا میشمین
- عہدہ, بی بی سی نیوز
روس کے داراحکومت ماسکو میں گزشتہ ہفتے ایک عجیب واقعہ پیش آیا جب شطرنح کھیلنے والے ایک روبوٹ نے اپنے مدمقابل سات سالہ بچے کی انگلی توڑ دی۔
روسی خبر رساں اداروں کی جانب سے اس حیران کن واقعے کی تفصیلات بتائی گئی ہیں جو شطرنج کے ماسکو اوپن ٹورنامنٹ کے دوران پیش آیا۔
اس واقعے کو کیمرے کی آنکھ نے بھی محفوظ کیا جس کی ویڈیو یوٹیوب پر موجود ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میز کے درمیان میں ایک چھوٹا سا ہاتھ نما روبوٹ موجود ہے جس کے چاروں اطراف شطرنج کی بساط ہے۔
اس روبوٹ کا ایک مدمقابل ایک سات سالہ بچہ بھی ہے جس کے خلاف روبوٹ ایک چال چلتے ہوئے ایک مہرہ اٹھا کر ساتھ ہی موجود ڈبے میں پھینکتا ہے۔
اس کے فوری بعد وہ بچہ بھی اپنی جوابی چال چلتے ہوئے اپنا مہرہ آگے بڑھاتا ہے تو روبوٹ کا ہاتھ بچے کی انگلی کو تھام لیتا ہے اور اسی پوزیشن میں ساکت ہو جاتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہVIDEO GRAB/SOCIAL MEDIA
بچے کو درد کی شدت سے ہلتے ہوئے اور آس پاس نظر دوڑاتے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد دو افراد بچے کی جانب لپکتے ہیں۔
چند اور افراد بھی اس میز کی جانب بڑھتے ہیں اور بچے کا ہاتھ روبوٹ کے پنجے سے چھڑانے کی کوشش کرتے ہیں جس میں تھوڑی ہی دیر بعد ان کو کامیابی حاصل ہو جاتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ بھی پڑھیے
خبر رساں اداروں کے مطابق اسی دوران بچے کے ہاتھ کی انگلی ٹوٹ جاتی ہے۔
ویڈیو میں ایک شخص کو بچے کو میز سے دور لے کر جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ماسکو کی شطرنج فیڈریشن کے صدر سرگئے لازارییو نے روسی خبر رساں ایجنسی تاس سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ روبوٹ نے سات سالہ بچے کے ہاتھ کی انگلی توڑ دی۔ بچے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ برا ہوا ہے۔‘
انھوں نے بتایا کہ اس روبوٹ مشین نے اس سے پہلے بہت سے مقابلوں میں حصہ لیا تھا لیکن اس طرح کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔
تاس کی رپورٹ کے مطابق روبوٹ سے متاثرہ بچہ علاج کے بعد ٹورنامنٹ میں واپس آیا جہاں اس نے باقی مقابلوں میں حصہ لیا۔











