آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو پی ایس ایل سے باہر کر دیا، جمعے کو قلندرز سے مقابلہ ہوگا
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
پی ایس ایل میں فائنل سے پہلے جو میچ سب سے اہم ہوتا ہے وہ پہلا ایلیمنیٹر ہے جس میں ہارنے والی ٹیم کے ہاتھ کچھ بھی نہیں آتا۔
پشاور زلمی کی ٹیم لیگ میچوں میں تیسرے نمبر پر آئی تھی لیکن جمعرات کی شب اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں کی شکست نے اسے آگے بڑھنے کے بجائے واپسی کی راہ دکھادی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اس جیت کی وجہ سے جمعے کو دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز کے سامنے ہوگی جہاں دونوں ٹیمیں ایک ہی بات سوچ رہی ہوں گی کہ فائنل میں کیسے پہنچا جائے؟
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو بار پی ایس ایل جیت چکی ہے جبکہ لاہور قلندرز کو پہلے ٹائٹل کا انتظار ہے۔
شاداب خان اور الیکس ہیلز کی واپسی
پہلے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی اور اسلام آآباد اپنی بھرپور قوت سے ساتھ میدان میں اتریں۔
پی ایس ایل کے کووڈ پروٹوکولز میں تبدیلی کا سب سے بڑا فائدہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہوا جس کی وجہ سے الیکس ہیلز کی واپسی ممکن ہوسکی۔ یونائیٹڈ کو ایک اور خوشی اپنے کپتان شاداب خان کی واپسی پر بھی تھی جو ان فٹ ہونے کی وجہ سے آخری تین میچ نہیں کھیل پائے تھے۔ ان کے علاوہ حسن علی بھی ٹیم کا حصہ بنے۔
شعیب ملک کے تجربے کا کیا کہنے
وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور زلمی مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں پر 169 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہو پائی۔
کامران اکمل اپنی مایوس کن فارم سے جان چھڑاتے ہوئے نظر آئے لیکن دوسری جانب محمد حارث نے فہیم اشرف کو چوکا مارنے کے بعد اگلی ہی گیند پر آصف علی کو آسان کیچ دے کر پویلین کی راہ لی۔ فہیم اشرف اسی اوور میں یاسر خان کی وکٹ بھی حاصل کر جاتے لیکن تھرڈ مین پر اطہر محمود نے کیچ ڈراپ کر دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاسر خان بھی ایک چوکا مارنے کے بعد حسن علی کی گیند پر شش وپنج میں رہے اور ڈاسن نے کیچ کرلیا۔
کامران اکمل نے اس پی ایس ایل میں اپنی پہلی نصف سنچری چونتیس گیندوں پر مکمل کی لیکن 58 کے انفرادی سکور پر شاداب خان کو ُپل شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وقاص مقصود کو کیچ تھما گئے۔ ان کی اننگز میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
پشاور زلمی نے یہ بڑا نقصان 98 کے مجموعی سکور پراٹھایا۔ بڑے سکور تک پہنچنے کے لیے پشاور زلمی کی امیدیں اب شعیب ملک سے وابستہ تھیں۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو مایوس نہیں کیا اور اپنے وسیع تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے ٹی ٹوئنٹی کریئر کی 71 ویں نصف سنچری سکور کی۔
شعیب ملک اور حسین طلعت نے صرف چوبیس گیندوں پر ففٹی پارٹنرشپ قائم کی لیکن حسین طلعت 28 رنز بناکر حسن علی کے اسی اوور میں آؤٹ ہوئے جس میں بارہ رنز بن چکے تھے۔
اننگز کے انیسویں اوور میں جو فہیم اشرف نے کیا، شعیب ملک اور حیدر علی صرف پانچ رنز بنا پائے۔
زلمی کی اننگز کے آخری اوور میں حسن علی شعیب ملک کی اہم وکٹ 55 کے انفرادی سکور پر حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ اس اننگز میں حسن علی کی تیسری وکٹ تھی۔
یہ بھی پڑھیے
شعیب ملک اس پی ایس ایل میں تین نصف سنچریوں کی مدد سے 401 رنز بنا چکے ہیں۔ پشاور زلمی آخری پانچ اوورز میں 62 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔
سلمان ارشاد کے خطرناک یارکرز
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 170 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تو صرف تین گیندیں باقی رہتی تھیں۔
پشاور زلمی نے الیکس ہیلز کو آؤٹ کرنے کا موقع دو مرتبہ ضائع کیا۔ اننگز کے پہلے ہی اوور میں وکٹ کیپر محمد حارث نے سٹمپ کا موقع ضآئع کر کے علی ماجد کو وکٹ سے محروم کر دیا۔ علی ماجد کے اگلے اوور میں خالد عثمان نے ہیلز کا کیچ ڈراپ کیا۔
علی ماجد چند قدموں کے رن اپ سے تیز گیندیں کرنے والے بولر ہیں جنہوں نے نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر کرس ہیرس کی یاد دلا دی۔
ان دو چانسز کے بعد ہیلز نے اٹیک کرنے کو ہی غنیمت جانا اور وہاب ریاض کے پہلے ہی اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا مارا لیکن دوسری جانب ان کے ساتھی اوپنر وِل جیکس کو 11 رنز کے سکور پر لیفٹ آرم سپنر خالد عثمان نے بولڈ کردیا۔
خالد عثمان نے الیکس ہیلز اور شاداب خان کو آزادی سے کھیلنے نہیں دیا اور اپنے چار اوورز میں صرف 17 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ ان کی 24 گیندوں میں سے 14 پر کوئی رن نہیں بن سکا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی دوسری وکٹ 77 رنز پر گنوائی۔ سلمان ارشاد نے اپنی پہلی ہی گیند پر 22 رنز بنانے والے شاداب خان کو وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ کرایا لیکن الیکس ہیلز قدم جما چکے تھے۔ انہوں نے اس پی ایس ایل میں اپنی تیسری نصف سنچری پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے مکمل کی۔
ہیلز اپنی ٹیم کو جیت کے قریب لے جارہے تھے لیکن سلمان ارشاد نے اپنے دوسرے اوور میں یارکر پر ان کی قیمتی وکٹ لے کر کپتان وہاب ریاض کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دی۔
ہیلز نے 49 گیندوں پر تین چھکوں اور چوکوں کی مدد سے 62 رنز سکور کیے۔ ان کے آؤٹ ہونے پر اسلام آباد یونائیٹڈ جیت سے 59 رنز دور تھی۔ لیکن اس کی مشکلات مزید بڑھ گئیں جب سلمان ارشاد نے ایک اور یارکر کے ذریعے آصف علی کو بھی بولڈ کر دیا۔ وہ ایک چھکے کی مدد سے صرف 7 رنز بنا سکے۔
سلمان ارشاد کی یارکر گیندیں اسلام آباد یونائٹڈ کے بیٹسمینوں کے لیے معمہ بنی ہوئی تھیں لیکن وہاب ریاض سے رنز رکنے کا نام نہیں لے رہے تھے۔
فہیم اشرف اور اعظم خان نے پہلے تو وہاب ریاض پر اٹیک کیا اور پھر اعظم خان نے سلمان ارشاد کو مِڈ وکٹ پر چھکا مار کر دباؤ زلمی کی طرف منتقل کرنے کی کوشش کی۔
سلمان ارشاد نے اپنے چار اوورز میں 31 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اسلام آباد یونائئٹڈ کو آخری دو اوورز میں جیت کے لیے 22 رنز بنانے تھے۔
اننگز کے 19 ویں اوور میں وہاب ریاض بہت زیادہ دباؤ میں نظر آئے اور انہوں نے تین وائڈ کر ڈالیں۔ اسی اوور میں اعظم خان نے انہیں چھکا مار کر رہی سہی کسر پوری کردی۔ وہاب ریاض کے اس اوور میں بارہ رنز بنے۔ انہوں نے اپنے چار اوورز میں 52 رنز دیے۔
آخری اوور میں یونائئٹڈ اور جیت کے درمیان 10 رنز کا فرق رہ گیا تھا لیکن بینی ہوول کی پہلی ہی گیند پر اعظم خان 28 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ نئے بیٹسمین لیئم ڈاسن کے ارادے کچھ اور ہی تھی، انہوں نے اگلی دو گیندوں پر چھکے اور چوکے کے ساتھ میچ کو اپنے حق میں ختم کر دیا۔
’پریشان نہ ہوں چیمپ، یہ کھیل کا حصہ ہے‘
اس میچ میں لوگوں کی دلچسپی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی جانب سے اس پر آنے والے ردعمل سے عیاں ہوتی ہے۔
ایک طرف تو اسلام آباد یونائیٹڈ کے فینز خوش ہیں کہ اب ان کی ٹیم ایک بار پھر پی ایس ایل جیتنے کے قریب پہنچ رہی ہے تو دوسری طرف پشاور زلمی کے ٹورناٹمنٹ کے باہر ہونے پر اس کے فینز ’غم آور‘ منا رہے ہیں۔
میچ کے بہترین کھلاڑی (مین آف دی میچ) قرار دیے جانے والے فہیم اشرف بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ رامیا لکھتی ہیں کہ ’آج فہیم اشرف کی شاندار بولنگ اور حسن علی کو بہتر ہوتے دیکھ کر بہت اچھا لگا۔‘
ہانیہ نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’فہیم اشرف وہ ہیں جو بین سٹورکس بننے کی خواہش کرتے ہیں۔‘
اسی دوران پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کی وہ تصویر بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں وہ میچ کے بعد آبدیدہ دکھائی دیتے ہیں۔
اس پر عامر نامی صارف کہتے ہیں کہ وہاب ریاض آپ ’اداس نہ ہوں۔ آپ کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں ہمیں تفریح فراہم کی۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور آپ نے خوب مقابلہ کیا۔ ہم آپ اور ٹیم زلمی کے اس جذبے کو سپورٹ کرتے ہیں۔‘
در عدن نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے بس اتنا لکھا کہ ’کبھی کبھار کرکٹ بہت ظالم ہوتی ہے۔‘ عبد الرافع کہتے ہیں کہ ’پریشان نہ ہوں چیمپ! یہ کھیل کا حصہ ہے۔‘
اس میچ میں پشاور زلمی کے شعیب ملک نے بھی نصف سنچری بنائی جس میں علشبہ نے تبصرہ کیا کہ وہ ’سب سے زیادہ دباؤ میں ہمیشہ بہترین کھیلتے ہیں۔‘
40 سالہ بلے باز کی تعریف کرتے ہوئے پیٹر ملر نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں بڑا ہو کر شعیب ملک بننا چاہتا ہوں۔‘