ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستانی کرکٹ ٹیم میں تبدیلیاں، صہیب مقصود کی جگہ شعیب ملک سکواڈ میں شامل

شعیب ملک

،تصویر کا ذریعہPCB

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ پاکستان کی 15 رکنی ٹیم میں مزید ایک تبدیلی سنیچر کو کی گئی ہے۔ حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 11 ہزار رنز مکمل کرنے والے شعیب ملک نے سکواڈ میں واپسی کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری کردہ بیان کے تحت صہیب مقصود کی جگہ مڈل آرڈر بلے باز شعیب ملک کو سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’صہیب مقصود کمر کی تکلیف کے باعث قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کا ایم آر آئی سکین 6 اکتوبر کو کروایا گیا تھا۔‘

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ’صہیب مقصود کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے باہر ہونا افسوسناک ہے۔ انھوں نے قومی سکواڈ کا حصہ بننے کے لیے بہت محنت کی تھی۔ ہمیں ان کا احساس ہے مگر انجریز کھیل کا حصہ ہوتی ہیں۔‘

انھیں یقین ہے کہ ’صہیب مقصود اپنا ری ہیب پروگرام مکمل کرنے کے بعد جلد دوبارہ قومی کرکٹ ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ مشاورت کے بعد ہم نے ان کی جگہ شعیب ملک کو قومی سکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ شعیب ملک کا تجربہ قومی سکواڈ کے لیے بہت کارگر ثابت ہوگا۔‘

آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی سکواڈ 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات روانہ ہوگا۔ میگا ایونٹ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو انڈیا کے خلاف کھیلے گا۔ اس سے قبل پاکستان 18 اور 20 اکتوبر کو بالترتیب ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف دو وارم اپ میچز کھیلے گا۔

شعیب ملک نے 2007 میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت کی تھی۔ وہ 2009 کے ورلڈکپ کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا بھی حصہ تھے۔ انھوں نے 2012، 2014 اور 2016 کے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

سنہ 1999 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کرنے والے شعیب ملک ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔

سرفراز احمد کی واپسی، خوشدل شاہ، اعظم خان اور حسنین ٹیم سے باہر

اس سے قبل پی سی بی نے سکواڈ میں تین تبدیلیاں کی تھیں۔ بلے باز فخر زمان، حیدر علی اور وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا تھا جبکہ خوشدل شاہ، اعظم خان اور فاسٹ بولر محمد حسنین پہلے سے اعلان کردہ ٹیم سے باہر ہو گئے تھے۔

فخر زمان ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ ریزرو کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ ان کی ٹیم میں حتمی شمولیت کے بعد ان کی جگہ خوشدل شاہ ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیے گئے ہیں۔ ریزرو کھلاڑیوں میں ان کے علاوہ شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

شاہ نواز

،تصویر کا ذریعہPcb

،تصویر کا کیپشنشاہ نواز دھانی کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے

ٹیم میں کچھ تبدیلیوں کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے جمعے کے روز کیا تھا۔ ٹیم میں تبدیلیوں کے بارے میں کئی ہفتوں سے قیاس آرائیاں جاری تھیں اور اس ضمن میں مختلف نام لیے جا رہے تھے۔

آئی سی سی ایونٹس کے قواعد و ضوابط کے مطابق شریک ٹیموں کا ایک خاص تاریخ تک اعلان ہوتا ہے اور پھر ایک مقررہ تاریخ تک ان ٹیموں میں رد و بدل کی اجازت ہوتی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ ٹیموں میں تبدیلی کے لیے آئی سی سی نے دو تاریخیں مقرر کر رکھی ہیں۔ کوالیفائنگ مرحلے میں شریک ٹیمیں 10 اکتوبر تک اپنے سکواڈ میں رد و بدل کر سکتی ہیں جبکہ فائنل راؤنڈ میں کھیلنے والی ٹیموں کے لیے یہ تاریخ 16 اکتوبر مقرر ہے۔

خوشدل

،تصویر کا ذریعہPcb

،تصویر کا کیپشنخوشدل شاہ پہلے ٹیم میں شامل تھے لیکن اب اُنھیں باہر کر دیا گیا ہے

تبدیلیوں کی وجہ کیا ہے؟

پاکستانی کرکٹ ٹیم میں ہونے والی تبدیلیوں کا پس منظر یہ ہے کہ چھ ستمبر کو چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا تھا۔

اسی ٹیم کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں بھی حصہ لینا تھا لیکن یہ دونوں سیریز نہ ہو سکیں جس کے بعد یہ کھلاڑی قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں ایکشن میں نظر آئے۔

تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ ٹیم کے چند کھلاڑیوں کی قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں غیر تسلی بخش کارکردگی کے بعد چیف سلیکٹر محمد وسیم سخت تنقید کی زد میں آ گئے تھے۔

یاد رہے کہ جب چھ ستمبر کو محمد وسیم نے آصف علی اور خوشدل شاہ کو ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا تو اُس وقت ان دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی کے بارے میں سوالات ہوئے تھے کہ کسی قابل ذکر کارکردگی کے بغیر کیسے یہ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔

اُس وقت چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ یقیناً ان دونوں کے اعداد و شمار متاثر کن نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود یہ مڈل آرڈر بیٹنگ میں موجود کھلاڑیوں میں قدرے اچھے ہیں اور ان سے عالمی مقابلے میں اچھی کارکردگی کی امیدیں ہیں۔

اس سے قبل بھی جب محمد وسیم نے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کیا تھا تو اُس وقت نوجوان بلے باز اعظم خان کی سلیکشن پر تنقید ہوئی تھی اور کہا گیا تھا کہ پی ایس ایل کے 10 میچوں میں صرف 174 رنز بنانے کے باوجود اُنھیں کس بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان سپر لیگ 6 میں سب سے زیادہ 20 وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کو محدود اوورز کی سیریز کے لیے منتخب نہ کیے جانے پر بھی سخت حیرانی ظاہر کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

اعظم، خوشدل اور حسنین کی مایوس کن کارکردگی

ورلڈ کپ سکواڈ سے ڈراپ کیے جانے والے اعظم خان نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے آٹھ میچوں میں صرف 123 رنز بنائے ہیں جن میں کوئی نصف سنچری شامل نہیں ہے۔

خوشدل شاہ سدرن پنجاب کی طرف سے کھیلتے ہوئے آٹھ میچوں میں صرف ایک نصف سنچری کی مدد سے 173 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔

سرفراز احمد

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسرفراز احمد کو ٹیم میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے

فاسٹ بولر محمد حسنین قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں صرف چھ وکٹیں لے پائے ہیں۔

نوجوان بلے باز حیدر علی اعلان کردہ پندرہ رکنی سکواڈ کا حصہ نہیں تھے لیکن نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ناردرن کی طرف سے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے وہ آٹھ میچوں میں تین نصف سنچریوں کی مدد سے 280 رنز بنا چکے ہیں۔

اس کی وجہ سے سلیکٹرز نے ان پر ایک مرتبہ پھر اعتماد کیا ہے۔ وہ انگلینڈ کے دورے پر جانے والی ٹیم کا حصہ تھے لیکن پی ایس ایل کے دوران بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی پر وہ ٹیم سے باہر کر دیے گئے تھے۔

وکٹ کیپر سرفراز احمد جنھیں حالیہ دنوں میں محمد رضوان کی موجودگی میں صرف ایک ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کا موقع مل سکا ہے تاہم نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ان کی بیٹنگ کارکردگی اچھی رہی ہے لہٰذا اُنھیں ایک تجربہ کار وکٹ کیپر ہونے کے ناتے اعظم خان کی جگہ سکواڈ میں واپس لایا گیا ہے۔

سلیکشن میں تبدیلیاں پہلی بار نہیں

کسی عالمی مقابلے کے لیے پہلے سے اعلان کردہ پاکستانی ٹیم میں تبدیلیاں پہلی بار نہیں ہوئی ہیں۔ سنہ 2019 کے عالمی کپ سے قبل بھی ایسا ہی ہوا تھا جب ورلڈ کپ سکواڈ سے فاسٹ بولرز جنید خان، فہیم اشرف اور اوپنر عابد علی کو ڈراپ کر دیا گیا تھا اور ان کی جگہ محمد عامر، وہاب ریاض اور آصف علی کو شامل کر لیا گیا تھا۔

ان تبدیلیوں کی وجہ بھی یہی تھی کہ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز میں پاکستانی بولرز متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے تھے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا پندرہ رکنی سکواڈ

بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، حیدر علی، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی اور شعیب ملک

ٹیم کے ریزرو کھلاڑی

شاہنواز دھانی، عثمان قادر اور خوشدل شاہ