بابراعظم: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان انگوٹھا فریکچر ہونے کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز سے باہر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اپنے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے تینوں میچز نہیں کھیل سکیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے پریس ریلیز کے مطابق اتوار کے روز کوئنز ٹاؤن میں نیٹ سیشن میں تھرو ڈاؤن کے دوران ایک گیند بابراعظم کے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر لگی جس کے بعد انھیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔

ہسپتال میں کرائے گئے ایکسرے میں تشخیص ہوئی ہے کہ بابراعظم کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا ہے۔

اسی حوالے سے مزید پڑھیے

بابراعظم کم از کم 12 روز تک نیٹ پریکٹس نہیں کرسکتے تاہم وہ اس دوران اپنی فزیکل ٹریننگ جاری رکھیں گے۔ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کا میڈیکل پینل بابراعظم کی انجری کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا۔

انجری کے سبب بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

ان کی غیر موجودگی میں لیگ سپنر اور آل راؤنڈر شاداب خان کپتانی کے فرائض سر انجام دیں گے لیکن وہ بھی اپنی ٹانگ میں کھینچاؤ محسوس کررہے ہیں جس کے باعث انھوں نے اتوار کو نیٹ میں باؤلنگ پریکٹس کی بجائے ہلکی بیٹنگ پریکٹس اور فزیکل ٹریننگ کی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچز 18، 20 اور 22 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔

بابر اعظم کی انجری پر قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انجریز کسی بھی پروفیشنل سپورٹس کا حصہ ہیں اور بابر اعظم جیسے باصلاحیت کھلاڑی کا سیریز سے باہر ہونا بہت مایوس کن ہے تاہم یہ سکواڈ میں شامل دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا ایک بہترین موقع ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ انھوں نے بابر اعظم کے ساتھ بات کی ہے اور وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہونے پر بہت افسردہ ہیں۔

پاکستان کے سابق کپتان اور موجودہ کوچ مصباح نے کہا کہ ہمیں ابھی آگے بہت کرکٹ کھیلنی ہے اور ہم پرامید ہیں کہ بابر اعظم جلد فٹ ہوکر دوبار ہ کرکٹ میں واپس آجائیں گے۔

دوسری جانب پاکستان شاہینز کے اوپنر امام الحق نیوزی لینڈ اے کے خلاف واحد چار روزہ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ امام الحق اپنے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر گیند لگنے کی وجہ سے میچ سے آؤٹ ہوئے ہیں۔

بائیں ہاتھ کے اوپنر کو کوئنز ٹاؤن میں جاری دو روزہ انٹرا سکواڈ میچ میں بیٹنگ سے قبل نیٹ سیشن میں گیند لگی جس کے بعد ان کا ایکسرے ہوا جہاں ان کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کی تشخیص ہوئی ہے۔

امام الحق انجری کے باعث 17 دسمبر سےنیوزی لینڈ اے کے خلاف شروع ہونے والے واحد چار روزہ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ مونگنوئی میں شروع ہوگا۔

بابر اعظم کی انجری پر سوشل میڈیا پر رد عمل

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور ٹیم کے بہترین بلے باز کی انجری کی خبر پاکستانی شائقین کے لیے ایک شدید دھچکہ تھی اور اس کا اظہار انھوں نے سوشل میڈیا پر کیا۔

ایک ایسا دورہ جہاں پہلے ہی پاکستانی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کو کورونا وائرس ہونے کے باعث مشکل لگ رہا تھا، اس خبر کے بعد کئی شائقین نے تبصرہ کیا کہ یہ دورہ تو محض بدشگونی اور بدقسمتی سے بھرپور ہے۔

ایک اور صارف سجاد کہتے ہیں کہ اب بابر اعظم کی انجری کے بعد کیا قومی ٹیم کے پاس ایک میچ بھی جیتنے کا موقع ہے؟

صارف رافع نے بابر اعظم اور امام الحق کی انجری اور شاداب خان کے بارے میں خبر آنے پر تبصرہ کیا کہ یہ سیریز تو شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہو گئی۔

جبکہ صارف ملک احمد نے کہا کہ یہ سال 2020 ہی نحوست بھرا ہے اور اب بابر اعظم بھی انجرڈ ہو گئے۔

دوسری جانب کچھ ایسے بھی شائقین تھے جو کہہ رہے تھے کہ صرف بابر اعظم پر ہی توکل نہیں کرنا چاہیے۔

صارف زین نے لکھا کہ اگر آپ کرکٹ صرف بابر اعظم کے لیے دیکھتے ہیں اور صرف ان کی ٹیم کی حمایت کرتے ہیں تو پھر بہتر ہے کہ آپ کرکٹ ہی نہ دیکھیں کیونکہ بابر اعظم پاکستانی ٹیم سے برتر نہیں ہیں اور نہ ہی ہوں گے۔