آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سچن تندولکر: سابق انڈین کرکٹر کی اپنی پہلی گاڑی کی کھوج کے لیے مداحوں سے مدد کی اپیل
انڈیا کے سابق کرکٹر سچن تندولکر نے اپنے مداحوں سے گزارش کی ہے کہ وہ انھیں اُن کی پہلی کار ڈھونڈنے میں مدد کریں۔
ان کے مداح اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ سچن گاڑیوں کے شوقین ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی پہلی گاڑی ماروتی 800 تھی۔
یہ 1990 کی دہائی میں انڈیا کی مشہور چھوٹی گاڑیوں میں سے ایک ہے جو سچن کے علاوہ شاید بہت سے انڈین شہریوں کی پہلی کار ہوگی۔ اس کا موازنہ پاکستان میں سوزوکی مہران سے کیا جاتا ہے۔
سچن نے اپنے مداحوں سے کہا ہے کہ اگر انھیں اس کار کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو وہ ان سے رابطہ کریں۔ تاہم انھوں نے اس کار کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سچن تندولکر 2013 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے لیکن وہ آج بھی انڈیا میں معروف شخصیات میں سے ایک ہیں۔
ایک ویب شو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے پیشہ ورانہ کرکٹر بننے کے فوراً بعد یہ کار خریدی تھی۔
سچن یہ کار خریدنے کے بعد ان لاکھوں انڈین میں سے ایک بن گئے تھے جنھوں نے ماروتی 800 سے اپنی پہلی کار چلانا شروع کی۔ ان لوگوں کے لیے یہ کار سے بڑھ کر ایک چیز تھی جو خواہشات اور رتبے کی علامت تھی۔
اسی لیے 2014 میں جب ماروتی کمپنی نے اعلان کیا کہ وہ مزید یہ کار نہیں بنائیں گے تو کئی شہریوں نے افسوس ظاہر کیا اور اس گاڑی سے جڑی اپنی یادوں پر روشنی ڈالی۔
سچن کا کہنا ہے کہ انھوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی شہرت میں اضافے کے بعد یہ کار فروخت کر دی تھی۔ انھوں نے شو کے دوران اپنے گاڑیوں کے شوق کا بھی ذکر کیا۔
وہ کہتے ہیں کہ ’میرے گھر کے قریب ایک سینما گھر تھا جہاں لوگ اپنی گاڑیاں پارک کرتے تھے اور اسی میں بیٹھ کر فلم دیکھا کرتے تھے۔ تو میں اور میرا بھائی ہماری بالکونی میں کھڑے ہو کر گھنٹوں تک ان گاڑیوں کو دیکھا کرتے تھے۔‘
تندولکر کو بین الاقوامی کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔ انھوں نے نومبر 1989 میں 16 سال کی عمر میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ 2012 میں وہ 100 بین الاقوامی سنچریاں بنانے والے واحد کھلاڑی بن گئے تھے۔
تندولکر کتنا بڑا کھلاڑی ہے؟
198 ٹیسٹ میچوں میں انھوں نے 53.86 کی اوسط سے 15 ہزار 837 رنز بنائے جس میں 51 سنچریاں اور 67 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ 2004 میں انھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ میں 248 ناٹ آؤٹ کا اپنا بہترین انفرادی سکور بنایا تھا۔
463 ون ڈے میچوں میں انھوں نے 44.83 کی اوسط کے ساتھ 18 ہزار 426 رنز بنائے۔ اس دوران ان کا سٹرائک ریٹ 86.23 رہا۔ ون ڈیز میں انھوں نے 49 سنچریاں، 96 نصف سنچریاں اور ایک ڈبل سنچری بنائی تھی۔
سچن نے صرف ایک بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کھیلا جس میں انھوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 2006 میں 15 گیندوں پر 12 رنز بنائے۔