انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کے تمام 20 کھلاڑیوں کے کووڈ 19 ٹیسٹ منفی

،تصویر کا ذریعہGetty Images/PA
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تمام 20 کرکٹرز اور سپورٹ سٹاف کے گیارہ ارکان کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آگئے ہیں۔
یاد رہے کہ یہ ٹیسٹ پیر کو ووسٹر میں لیے گئے تھے۔ بولنگ کوچ وقاریونس اور فزیو کلف ڈیکن کے ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم 28 جون کو انگلینڈ پہنچی تھی اور اسوقت وہ قرنطینہ کے چودہ دن مکمل کرنے کے بعد جولائی کے پہلے ہفتے میں ڈربی جائے گی جہاں وہ اپنی ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔
اس سے قبل منگل کے روز ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ اعلان کیا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ دوسری مرتبہ منفی آئے ہیں اور اس طرح وہ عنقریب منعقد ہونے والے دورہ انگلینڈ کے لیے اہل ہوگئے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حفیظ، محمد رضوان، محمد حسنین، وہاب ریاض اور شاداب خان شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان نے 23 جون کو میڈیا کو بتایا تھا کہ محمد حفیظ، وہاب ریاض، محمد رضوان، محمد حسنین اور فخر زمان سمیت سات کھلاڑیوں کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس کے بعد ان میں سے محمد حفیظ اور وہاب ریاض نے اپنے طور پر بھی ٹیسٹ کروائے تھے جن کے نتائج منفی آئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کھلاڑیوں کے 26 جون کو لیے گئے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے اور پھر 29 جون کو تیسری مرتبہ کورونا ٹیسٹ لیے گئے تھے جن کے نتائج 30 جون کو موصول ہوئے۔
ٹیسٹ منفی آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ان چھ کھلاڑیوں کو جلد انگلینڈ بھیجنے کے انتظامات کر رہا ہے تاکہ وہ وسٹر میں موجود سکواڈ میں شمولیت اختیار کر سکیں۔
ان کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر انگلینڈ میں موجود لیفٹ آرم اسپنر ظفر گوہر نے بھی ٹیم میں شمولیت اختیار کرلی ہے تاکہ وہ پریکٹس میں حصہ لے سکیں۔
واضح رہے کہ دورے کے لیے ٹیم میں شامل کیے گئے لیفٹ آرم اسپنر کاشف بھٹی کے دونوں کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں لہذا وہ انگلینڈ نہیں جاسکے ہیں۔ ان کے علاوہ حیدرعلی، حارث رؤف اور عمران خان کے بھی دو، دو ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
دورہ انگلینڈ کے روانہ ہونے والے سکواڈ میں کپتان اظہر علی اور نائب کپتان بابر اعظم کے علاوہ اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، موسیٰ خان، نسیم شاہ، روحیل نذیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شا ن مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ٹیم کے ساتھ 11 رکنی سٹاف بھی روانہ ہو رہا ہے جن میں ہیڈ کوچ مصباح الحق، بیٹنگ کوچ یونس خان، سپن بولنگ کوچ مشتاق احمد اور ٹیم مینیجر منصور رانا سمیت دیگر شامل ہیں۔










