PSL: غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کے علامات، پی ایس ایل کے سیمی فائنل اور فائنل میچ ملتوی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والے ایک غیرملکی کرکٹر میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد لیگ کو فوری طور پر ملتوی کر دیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے دونوں سیمی فائنلز منگل کو کھیلے جانے تھے جبکہ فائنل بدھ کے روز ہونا تھا۔

بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے لاہور میں منعقد ہونے والی پریس کانفرنس میں کہا کہ ایک مشتبہ کیس سامنے آیا جس میں ایک غیرملکی کرکٹر میں کورونا وائرس کی علامات سامنے آئی تھیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ رازداری کے اصول کے تحت اس کرکٹر کا نام ظاہر نہیں کیا جاسکتا۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ وہ غیر ملکی کرکٹر پاکستان سے جا چکا ہے اور اب اس کا اُس کے ملک میں ہی ٹیسٹ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں، آفیشلز، مالکان اور پروڈکشن سٹاف کے ٹیسٹ کرائے ہیں اور انھیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر کرنے سے پہلے ٹیسٹ کے نتیجے کا انتظار کریں۔

وسیم خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے موجودہ صورتحال میں بہتر انداز میں پی ایس ایل کو ممکن بنانے کی کوشش کی اور آخری پانچ میچوں کو تماشائیوں کے بغیر بھی کرایا گیا جبکہ تمام کھلاڑیوں کو اس بات کی اجازت بھی دی گئی کہ اگر وہ ایونٹ چھوڑ کر جانا چاہیں تو جاسکتے ہیں۔

وسیم خان نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ چونکہ غیرملکی کرکٹرز کی اکثریت ملک سے جاچکی ہے لہذا فرنچائزز کا پی ایس ایل ختم کرنے کے لیے کرکٹ بورڈ پر دباؤ تھا۔

انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ بورڈ نے فرنچائز مالکان سے مشورے کے بعد کیا ہے۔

الوداعی کلمات

اس اعلان کے بعد پی ایس ایل کی مختلف ٹیموں سے جڑے کھلاڑیوں اور کوچز کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔