کورونا وائرس: انگلینڈ کے کھلاڑی سری لنکا میں کسی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے انگلینڈ کے کھلاڑی سری لنکا کے دورے کے دوران کسی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔
دورہ سری لنکا کے دوارن انگلش کھلاڑی کسی کو مبارک باد دینے کے لیے مکے سے مکا جوڑیں گے۔
انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا کے حالیہ دورے کے دوران دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ انگلینڈ کی ٹیم نے کٹونائیکے میں کھیلے گئے دونوں وارم اپ میچ جیت لیے ہیں۔
انگلینڈ اور سری لنکا کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیے:
انگلش کپتان جو روٹ نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران جس طرح بیماریوں نے ہماری ٹیم کا پیچھا کیا اس کی وجہ سے ہم کم سے کم چھونے کی اہمیت کو جان چکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ ہم تواتر کے ساتھ ہاتھ دھو رہے ہیں اور ہمیں بیکٹیریا سے بچاؤ کے جو وائپ ہمیں دیئے گئے ہیں ہم ان کا استعمال کر رہے ہیں۔
جو روٹ نے کہا کہ انھیں پوری امید ہے کہ سری لنکا کا دورہ اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق آگے بڑھے گا۔ انھوں نے کہا وہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور انھیں کے مشوروں پر عمل کریں گے۔
انگلینڈ کی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے حالیہ دورے کے دوران متعدد بیماریوں کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کئی اہم انگلش کھلاڑی پیٹ خرابی یا نزلہ زکام کی وجہ سے کھیل میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔
چین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے کھیلوں کے کئی مقابلوں کو ملتوی کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس دنیا کے 50 ملکوں میں پھیل چکا ہے، اس سے 86 ہزار لوگ متاثر ہوئے ہیں اور تین ہزار لوگ اس وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔








