#PAKvBD: دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو نو وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان نے بنگلہ دیش کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور بابر اعظم کی جانب سے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور آغاز میں احسان علی کے نقصان کے باوجود دونوں نے نصف سنچریاں سکور کر کے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

جس کے باعث پاکستان نے 137 رنز کا ہدف 17 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

حفیظ بابر کی شاندار شراکت

پاکستان کے محمد حفیظ نے 67 جبکہ بابر اعظم نے 66 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ان دونوں کی اننگز میں ذمہ داری اور جارحانہ انداز کا امتزاج نظر آیا۔

دونوں نے 131 رنز کی شاندار شراکت بنا کر پاکستان کی فتح یقینی بنا دی۔ اس شراکت میں 16 چوکے اور پچھلے میچ کے برعکس دو چھکے بھی لگائے گئے۔

دونوں بلے باز عمدہ ٹائمنگ اور سٹائلش انداز میں کھیلتے ہیں لیکن لاہور کی بے جان اور سست وکٹ پر انھیں آغاز میں کچھ وقت سیٹ ہونے میں لگا، لیکن دونوں نے یہ وقت ذمہ داری سے گزارا اور پھر جارحانہ انداز اپنا لیا۔

میچ کے اختتام پر بابر اعظم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

پہلی اننگز میں کیا ہوا؟

سنیچر کے روز بنگلہ دیش نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی طرح ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں کی جانب سے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

شاہین آفریدی نے آغاز میں ہی اچھی بولنگ کی اور بنگلہ دیش کی جانب سے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے محمد نعیم کو اپنے پہلے اوور کی دوسری گیند پر آؤٹ کر دیا۔

یہی نہیں پاکستان کے دوسرے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین نے مہدی کو شارٹ گیند کروا کر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ بھی کرایا۔

سپنر شاداب خان نے بھی اپنے پہلے ہی اوور میں لٹن داس کو ایل بی ڈبلیو کر کے بنگلہ دیش کو مزید مشکلات میں ڈال دیا۔

جارحانہ انداز میں بلے بازی کرنے والے عارف حسین کو محمد حسنین نے پویلین کی راہ دکھائی اور وہ تھرڈ مین پر کیچ دے بیٹھے۔

پاکستان کی عمدہ فیلڈنگ صرف ایک میچ تک ہی محدود نہ رہی بلکہ آج بھی نصف سنچری بنانے والے تمیم اقبال ڈائریکٹ ہٹ کا شکار ہوئے۔

اس طرح عمدہ بولنگ اور اچھی فیلڈنگ کی بدولت پاکستان کو جیت کے لیے صرف 137 رنز کا ہدف دیا گیا۔

مزید پڑھیے

یاد رہے کہ جمعہ کے روز کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستان کی جانب سے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں عمدہ فیلڈنگ کے علاوہ شعیب ملک کی نصف سنچری بھی نمایاں رہی۔

صدر پاکستان عارف علوی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نظم الحسن بھی دوسرا ٹی ٹوئنٹی دیکھنے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں موجود ہیں۔

سیریز کا پسِ منظر

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کا یہ دورۂ پاکستان اپنے شیڈول اور نوعیت کی وجہ سے تنازع کا شکار بھی رہا۔ تین مراحل پر مشتمل اس دورے میں بنگلہ دیش نے تین ٹی 20، ایک ون ڈے جبکہ دو ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ابتدا میں دورے کی طوالت اور اس دوران سکیورٹی کو بنیاد بنا کر صرف ٹی 20 میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی گئی تھی تاہم پاکستان مُصر تھا کہ سری لنکا کی ٹیم کے پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے کے بعد بنگلہ دیش کے پاس نیوٹرل مقام پر ٹیسٹ سیریز کی فرمائش کا جواز نہیں۔

بعدازاں آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کی کوششوں کے نتیجے میں ڈیڈ لاک ختم ہوا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق یہ سیریز پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے۔ سرفہرست رہنے کے لیے پاکستان کو اس سیریز کے تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے اور ایک بھی شکست اسے پول پوزیشن سے محروم کر سکتی ہے۔