پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش: لاہور میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

،تصویر کا ذریعہPCB
پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعے کو لاہور میں کھیلا گیا جہاں بنگلہ دیش کے 142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کر لی۔
پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے سب سے زیادہ 58 رنز بنائے جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم اننگز کی پہلی ہی گیند پر بغیر کسی سکور کے شفیع الاسلام کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ جبکہ محمد حفیظ کو مستفیض الرحیم نے آوٹ کیا۔
ڈیبیو پر 36 رنز کی اننگز کھیلنے والے احسان علی کو لیگ سپنر امین الاسلام نے آؤٹ کیا۔
تاہم ایسے میں شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کر کے پاکستان کی بیٹنگ کو سہارا دیا۔
پہلی اننگز میں کیا ہوا؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
قذافی سٹیڈیم میں مہمان ٹیم کی جانب اوپنرز محمد نعیم اور تمیم اقبال 43 اور 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے شاداب خان، شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش کے دو کھلاڑی پاکستان کی عمدہ گراؤنڈ فیلڈنگ کا نشانہ بنے اور رن آؤٹ ہوئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بنگلہ دیش کو پہلا نقصان تمیم اقبال کی صورت میں اٹھانا پڑا ہے۔ انھوں نے 39 رنز بنائے اور حارث رؤف کی تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد اننگز کے 15ویں اوور میں شاداب خان نے دو گیندوں میں میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ انھوں نے پہلے براہ راست تھرو کے ذریعے لٹن داس کو پویلین کی راہ دکھائی اور پھر اگلی ہی گیند پر اوپنر محمد نعیم لانگ آن پر کھڑے محمد افتخار کو ایک آسان کیچ دے بیٹھے۔
حارث رؤف نے تیز رفتاری اور رفتار میں تبدیلی کے ذریعے عمدہ بولنگ کروائی اور بالآخر انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کر لی۔ انھوں نے عارف حسین کو بولڈ کیا۔ جس کے بعد شاہین آفریدی نے جارحانہ بلے بازی کرنے والے سومیا سرکار کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیے
بنگلہ دیشی اوپنر محمد نعیم نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا ہے اور ابتدائی اوورز میں ہی تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
بنگلہ دیشی اننگز کے چھٹے اوور میں گیند حارث رؤف کو ملی جو بگ بیش میں اپنی تیز رفتاری گیندوں سے بلے بازوں کو پریشان کرتے رہے ہیں اور انھوں نے اپنے ٹی 20 انٹرنیشنل کریئر کے پہلے اوور میں چھ رنز دیے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے بولنگ کا آغاز کیا اور پہلے اوور میں صرف دو رنز دیے تاہم شاہین آفریدی کے پہلے اوور میں دو چوکے لگے۔
پاکستانی کپتان نے چوتھے ہی اوور میں بولنگ میں تبدیلی کی اور شاہین آفریدی کی جگہ محمد حسنین کو گیند دی جنھوں نے اپنے پہلے اوور میں محمد نعیم کے ایک چوکے اور ایک چھکے کی وجہ سے 11 رنز دیے۔

،تصویر کا ذریعہPCB
حارث رؤف اور احسن علی کے ڈیبیو
اس میچ کے لیے پاکستان نے بابر اعظم کی قیادت میں جو ٹیم میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ان میں دو نئے کھلاڑی حارث رؤف اور احسان علی بھی شامل ہیں۔
حارث رؤف آسٹریلیا میں بگ بیش میں اپنی کارکردگی سے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے والے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ان کے علاوہ شعیب ملک اور محمد حفیظ جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
بنگلہ دیش کا یہ دورۂ پاکستان اپنے شیڈول اور نوعیت کی وجہ سے تنازع کا شکار بھی رہا۔ تین مراحل پر مشتمل اس دورے میں بنگلہ دیش نے تین ٹی 20، ایک ون ڈے جبکہ دو ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ابتدا میں دورے کی طوالت اور اس دوران سکیورٹی کو بنیاد بنا کر صرف ٹی 20 میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی گئی تھی تاہم پاکستان مُصر تھا کہ سری لنکا کی ٹیم کے پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے کے بعد بنگلہ دیش کے پاس نیوٹرل مقام پر ٹیسٹ سیریز کی فرمائش کا جواز نہیں۔
بعدازاں آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کی کوششوں کے نتیجے میں ڈیڈ لاک ختم ہوا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Google YouTube کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Google YouTube ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
YouTube پوسٹ کا اختتام, 1
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق یہ سیریز پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے۔ سرفہرست رہنے کے لیے پاکستان کو اس سیریز کے تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے اور ایک بھی شکست اسے پول پوزیشن سے محروم کر سکتی ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم گذشتہ سال دس میں سے صرف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی تھی۔ آٹھ میچوں میں اسے شکست ہوئی تھی اور ایک میچ نامکمل رہا تھا۔
بنگلہ دیش کی عالمی رینکنگ اس وقت نویں ہے۔ بنگلہ دیش نے گزشتہ سال آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے تھے جن میں سے چار جیتے تھے، تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ایک میچ نامکمل رہا تھا۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Google YouTube کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Google YouTube ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
YouTube پوسٹ کا اختتام, 2
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک مجموعی طور پر دس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے آٹھ جیتے ہیں جبکہ بنگلہ دیش نے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان کی سرزمین پر صرف ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اپریل 2008 میں کراچی میں کھیلا گیا جو پاکستان نے ایک سو دو رنز سے جیتا تھا۔ یہ پاکستان کی سرزمین پر کھیلا گیا اولین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی تھا۔











