کرکٹ ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو ہرا دیا

کرس گیل

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنکرس گیل ٹورنامٹ میں 17 رنز فی اننگز کی اوسط سے 155 رنز بنا سکے

آئی سی سی ورلڈ کپ کے میچ میں ویسٹ انڈیزنے افغانستان کو 23 رنز سے ہرا دیا۔ یہ ویسٹ انڈیز کی ٹورنامنٹ میں دوسری فتح تھی۔ افغانستان ٹورنامنٹ میں بغیر کسی فتح کے وطن واپیس لوٹ رہی ہے۔

افغانستان نے ٹورنامنٹ میں دو شاندار میچ کھیلے اور فتح کے قریب پہنچنے کے باوجود فتح نہ حاصل کر سکے۔

لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کرس گیل اور ایون لیوس کی جوڑی میدان میں اتری لیکن کرس گیل زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے اور 18 گیندیں کھیل کر صرف سات رنز بنا کر میڈیم پیس بولر دولت زردان کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

افغانستان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشناکرام علی خیل نے 86 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے

رواں ورلڈ کپ میں کرس گیل کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور وہ ٹورنامنٹ میں نو میچوں میں سترہ رنز فی اننگز کی اوسط سے 155 رنز بنا سکے۔ کرس گیل کی واحد نصف سنچری پاکستان کے خلاف میچ میں تھی۔ اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دے دی تھی۔

کرس گیل کے آؤٹ ہونے کے بعد ایون لیوس اور وکٹ کیپر شے ہوپ نے عمدہ پارٹنرشپ بنائی اور ٹیم کے سکور کو 109 پر پہنچا دیا۔ شے ہوپ، ایون لیوس اور نکولس پورن کی نصف سنچریوں کی بدولت ویسٹ انڈیز 311 رنز کا سکور کرنے میں کامیاب رہا۔

افغانستان نے ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ جیتنے کے لیے 312 رنز کے ہدف کے تعاقب کے آغاز کیا تو اسے ابتدائی اووروں میں نقصان اٹھانا پڑا۔ کپتان گلبدین نائب صرف پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تو 20 سالہ اکرام علی خیل اور رحمت شاہ کے درمیان 133 رنز کی شراکت ہوئی۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ افغانستان شاید ورلڈ کپ میں اپنی پہلی فتح حاصل کرلے۔

اکرام علی خیل اور رحمت شاہ کے آؤٹ ہونے کے بعد نجیب اللہ اور اصغر افغان نے اپنی ٹیم کو میچ جتوانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے اور وقفے وقفے سےوکٹیں گرتی رہیں۔

کرس گیل

،تصویر کا ذریعہClive Mason

،تصویر کا کیپشنکرس گیل نے ڈائیو لگا کر کیچ کیا تو پھر تمام ویسٹ انڈین کھلاڑی اپنی طرف بڑھنی والی گیندوں کو تھامنے لگے

کیچ ڈراپ کرنے کا مقابلہ

ویسٹ انڈیزنے جب ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کرس گیل ابتدائی اووروں میں صرف سات رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تو ایون لیوس اور شے ہوپ نے ٹیم کے سکور کو محتاط انداز میں آگے بڑھانا شروع کیا ۔ دولت زردان جو پہلے کرس گیل کی وکٹ حاصل کرچکے تھے ان کی گیند پر شے ہوپ کا کیچ نکلا تو راشد خان نے ایک انتہائی آسان کیچ ڈراپ کر دیا۔ پھر وکٹ کیپر نے سٹمپنگ کا آسان موقع ضائع کیا۔

جب افغانستان نے اپنی اننگز کا آغازکیا تو ایسا لگا جیسے ویسٹ انڈیز افغانستان کے احسانات کا بدلہ چکا رہی ہو۔ ویسٹ انڈیزنے وکٹ حاصل کرنے کے کم ازکم چار موقعے گنوائے۔

شیلڈن کوٹرل

،تصویر کا ذریعہClive Mason

،تصویر کا کیپشنٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈیزکے سب سےعمدہ فیلڈر شیلڈن کوٹرل نےبھی کیچ ڈراپ کیا

ویسٹ انڈیزکے سب سے عمدہ فیلڈر شیلڈن کوٹرل نے ایک انتہائی آسان کیچ گرایا۔ وکٹ کیپر شے ہوپ نے نجیب اللہ کو سٹمپ آؤٹ کرنے کا موقع گنوا دیا۔ کرس گیل نے اپنی ہی گیند پر کیچ نہ پکڑ سکے۔ لیکن پھر جب کرس گیل نے فرنٹ ڈائیو لگا کر رحمت شاہ کو کیچ آؤٹ کیا تو اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے اپنے طرف بڑھنے والے تقریباً تمام کیچ پکڑ کر افغانستان کو ٹورنامنٹ میں پہلی فتح سے دور کر دیا۔