کرکٹ ورلڈ کپ 2019: ولیمسن کی شاندار سنچری، نیوزی لینڈ فاتح

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے پچیسویں میچ میں نیوزی لینڈ نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو ہرا دیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے سٹار بلے باز کین ولیمسن نے شاندارناقابل شکست سنچری سکور کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا ہے۔ نیوزی لینڈ ٹورنامنٹ میں پانچ میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلےنمبر پر ہے۔
ایک موقع پر نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی اور اسے جیت کے لیےابھی سو سے زیادہ رنز درکار تھے لیکن کین ولیمسن نے انتہائی ذمہ داری کے ساتھ کھیلتے ہوئے ٹیم کو مشکل سے نکالا۔ آل رونڈر ڈی گرینڈ ہوم نے جارحانہ انداز میں نصف سنچری مکمل کر کے میچ کو جنوبی افریقہ کی گرفت سے نکال لیا۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اووروں کے میچ میں نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
کین ولیمسن کی شاندار سنچری
جب نیوزی لینڈ نے 242 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو کین ولیمسن کو دوسرے ہی اوور میں کریز پر آنا پڑا۔ کین ولیمسن ایک جانب سے جم کر کھیل رہے ہیں تھے تو دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ ایک موقع پر نیوزی لینڈ کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور اسے فتح کے لیے ابھی 110 رنز درکار تھے لیکن کین ولیمسن بغیرکسی پریشر کے کھیلتے رہے اور آنے والے کھلاڑیوں کو رنزسکور کرنے کا مواقعے فراہم کرتے رہے۔ کین ولیمسن نے میچ کے آخری اوور کی دوسری گیند پرشاندار چھکا لگا کر نہ صرف ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا بلکہ اپنی سنچری بھی مکمل کر لی۔
نیوزی لینڈ کی عمدہ فیلڈنگ:

،تصویر کا ذریعہGetty Images
نیوزی لینڈ نے آج انتہائی عمدہ گروانڈ فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا۔ نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے بار بار باونڈری کے قریب ڈائیو لگا کر شرطیہ چوکے بچائے۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولروں بالخصوص میٹ ہنری نے شاندار گراونڈ فلیڈنگ کی۔ البتہ نیوزی لینڈ کے کیچ پکڑنے کے حوالے سے کارکردگی معمولی رہی اور دو کیچ ڈراپ کیے۔ پہلا کیچ ٹرینٹ بولٹ نے گرایا۔
میچ شروع ہونے میں تاخیر
برمنگھم میں گذشتہ رات تیز بارش کی وجہ سے میچ ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ جب مقررہ وقت پر امپائر پچ کا معائنہ کرنے آئے تو اس وقت پچ اور اس کا قریبی حصہ تو بلکل خشک تھا جسے ڈھانپ کر رکھا گیا تھا لیکن گراؤنڈ اتنا گیلا تھا کہ میچ کو فوری طور پر شروع کرنا ممکن نہ تھا۔ میچ کو پچاس اووروں سے کم کرکے 49 اووروں تک محدود کیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
عمران طاہر کا آخری اوور
جنوبی افریقہ کے پاکستانی نژاد چالیس سالہ لیگ سپنر عمران طاہر کا دسواں اوور میچ کا پانسہ پلٹ سکتا تھا لیکن ایسا نہ ہو سکا۔ عمران طاہر کے سپیل کے آخری اوور کی پہلی دو گیندوں پر مسلسل دو کیچ نکلے اور ایک ہی فیلڈر کی سمت گئے لیکن ڈیوڈ ملر اپنی پوری کوشش کے باوجود کیچ نہ لے سکے۔
جنوبی افریقہ کی فتح کی راہ میں واحد رکاوٹ کین ولیمسن تھا۔ میچ کا فیصلہ کن مرحلہ اس وقت آیا جب عمران طاہر کے اوور کی آخری گیند کین ولمیسن کے بلے کو ہلکا سا چھو کر وکٹ کیپر کے کلوو میں چلی گئی۔ عمران طاہر نے ہلکی سی اپیل بھی کی لیکن وکٹ کیپر نے ان کا ساتھ نہ دیا۔ جنوبی افریقہ کے پاس اس وقت ریویو بھی موجود تھا جو اس نہیں لیا۔ جب یہ منظر بڑی سکرین پر دھکایا گیا کہ کین ولیمسن آؤٹ تھے تو تمام جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کی حالت دیدنی تھی۔ ماہرین حیران تھے کہ وکٹ کیپر اتنے قریب ہونے کے باوجود گیند کے بلے ٹکرانے کی آواز کیوں نہیں سن سکے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images







