آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کرکٹ ورلڈ کپ 2019: نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی
انگلینڈ اور ویلز میں کھیلے جانے ولے کرکٹ کے 12ویں ورلڈ کپ کے نویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو دو وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں لگا تار دوسری فتح اپنے نام کر لی۔
میچ میں کیا ہوا
اوول کے میدان پر کھیلے جانے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بنگلہ دیش 49.2 اوورز میں محض 244 رنز ہی بنا سکی۔
بنگلہ دیش کی طرف سے شکیب الحسن نے سب سے زیادہ 64 رنز بنائے جبکہ نیوزی لینڈی کی طرف سے میٹ ہینری نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں نیوزی کی ٹیم نے 245 رنز کا ہدف 47 اعشاریہ ایک اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے راس ٹیلر نے سب سے زیادہ 82 رنز بنائے جبکہ بنگلہ دیش کی طرف سے شکیب، مہدی حسن، سیف الدین اور مصدق نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ کا بہترین بولر
بنگلہ دیش کے اوپنرز اپنی ٹیم کو 45 رنز کا ایک اچھا آغاز دینے میں کامیاب ہو گئے تھے، ایسے میں نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہینری نے سومیا سرکار کو بولڈ کر کے یہ شراکت توڑی جس کے بعد بنگلہ دیش کی بیٹنگ سنبھل نہ سکی۔
اس وکٹ کے علاوہ انھوں نے بنگلہ دیش کی اننگز کے آخر میں تین اہم وکٹیں حاصل کر کے انھیں ایک بڑا مجموعہ بنانے سے روک دیا۔ یاد رہے کہ میٹ ہینری ٹم ساؤدی کی جگہ اس ٹیم میں شامل ہوئے ہیں جو زخمی ہونے کی وجہ سے اس ورلڈکپ کے ابتدائی دو میچ نہیں کھیل سکے۔
میچ کا بہترین بلے باز
ایک ایسے موقع پر جب نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لڑکھڑا رہی تھی، راس ٹیلر نے اپنے تجربے کی مدد سے اسے سہارا دیا اور کین ولیمسن کے ساتھ مل کر 105 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
راس ٹیلر نے نو چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
وہ اس اننگز کی بدولت مین آف دی میچ قرار پائے۔
شکیب کی آل راؤنڈ کاکردگی
آئی سی سی کی آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں شکیب سر فہرست ہیں۔ یہ بات آج ان کی کارکردگی سے صاف ظاہر تھی۔ انھوں نے تیسرے نمبر پر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 64 رنز بنائے، جس کی بدولت بنگلہ دیش کی ٹیم چھوٹے سکور پر آؤٹ ہونے سے بچ گئی۔
اس کے بعد جب بنگلہ دیش نے اس ہدف کا دفاع شروع کیا تو شکیب نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں اوپنرز کو پویلین کی راہ دکھائی جس کہ باعث بنگلہ دیش کی میچ میں واپسی ممکن ہوئی۔
مشفق کی کوتاہیاں
بنگلہ دیش کی بیٹنگ کے دوران مشفق اور شکیب کی 50 رنز کی انتہائی اہم شراکت بنی تو ایسا لگتا تھا کہ بنگلہ دیش ایک بڑا ٹوٹل بنانے میں کامیاب ہو جائے گا، لیکن پھر مشفق اپنی ہی کوتاہی کی وجہ سے 19 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔
دوسری طرف جب بنگلہ دیش نے 245 رنز کے ہدف کا دفاع شروع کیا تو بنگلہ دیشی ٹیم نیوزی لینڈ کے دو کھلاڑی 60 رنز کے عوض آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔ ایسے میں مشفق نے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن کو رن آؤٹ کرنے کا موقع ضائع کر دیا۔
انھوں نے گیند ہاتھوں میں تھامنے سے پہلے ہی بیلز گرا دیں، اس کے بعد کپتان ولیم سن اور راس ٹیلر نے مل کر 105 رنز کی شراکت جوڑی جو بنگلہ دیش کے لیے مہنگی پڑ گئی۔