آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کرکٹ ورلڈ کپ 2019: چہل کی چار وکٹیں، روہت کی سنچری، جنوبی افریقہ کو لگاتار تیسری شکست
انگلینڈ اور ویلز میں کھیلے جانے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے ساتویں دن بدھ کو انڈیا نے جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر عالمی کپ میں اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔
میچ میں کیا ہوا
ساؤتھیمپٹن کے ہیمپشائر باؤل میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے انڈیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اسے مہنگا پڑا۔ مقررہ 50 اوورز میں جنوبی افریقہ صرف 227 رنز ہی بنا سکی۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے کرس مورس نے سب سے زیادہ 42 جبکہ کپتان ڈو پلیسی نے 38 رنز بنائے۔ انڈیا کی طرف سے چہل نے چار، کلدیپ یادو نے ایک جبکہ بمرا اور بھونیشور کمار نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں انڈیا نے یہ ہدف 47.3 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ انڈیا کی جانب سے روہت شرما نے 122 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ جنوی افریقہ کہ کگیسو ربادا نے دو جبکہ کرس مورس اور اینڈلے فیفلکوایو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کے بہترین لمحات
جب جنوبی افریقہ نے پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تو شاید ان کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ بمرا ان کے ساتھ کیا کرنے والے ہیں۔
اننگز کے ابتدائی اوورز میں کوئنٹن ڈی کاک اور ہاشم آملہ بمرا کی گیندوں کو چھونے سے بھی قاصر نظر آتے تھے۔ نہ صرف ان کی گیندوں کی رفتار تیز تھی بلکہ وہ گیند کو ہوا میں سوئنگ بھی کر رہے تھے اور پچ سے بھی مدد حاصل کر رہے تھے۔
مزید پڑھیں
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کے اوپننگ سپیل کی دہشت اتنی تھی کہ انھوں نے اپنے پہلے پانچ اوورز میں صرف 13 رنز دیے اور دونوں اوپنرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ایک انڈین فاسٹ بولر کے لیے ایسا کرنا یقیناً تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔
بمرا نے آنے والے میچوں کے لیے باقی ٹیموں کے بلے بازوں کو یہ ٹریلر دکھایا اور انڈیا میں کرکٹ کے مداح یہ ٹریلر برسوں یاد رکھیں گے۔
میچ کا بہترین بلے باز
روہت شرما نے ایک ایسے موقعے پر ٹیم کو سہارا دیا جب ان کے ساتھی اوپنر شکھر دھون اور کپتان ورات کوہلی ہدف کے تعاقب کے دوران جلدی آؤٹ ہو گئے تھے۔
انھوں نے 13 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ایک روزہ میچوں میں اپنی 23ویں سنچری مکمل کی۔
اس اننگز کے دوران روہت کئی موقعوں پر خوش قسمت رہے لیکن وہ ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے رہے اور بالاخر یہ ہدف باآسانی پورا کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
وہ ناقابلِ شکست 122 رنز کی بدولت مین آف دی میچ قرار پائے۔
میچ کا بہترین بولر
انڈیا کے لیگ سپنر چہل ایک ایسے موقعے پر بولنگ کروانے کے لیے آئے جب جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی اور مڈل آرڈر بیٹسمین روسی وینڈر ڈوسن ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 رنز کی شراکت جوڑ چکے تھے۔
ایسے میں چہل نے اپنے دوسرے ہی اوور میں دونوں بلے بازوں کو بولڈ کر کے جنوبی افریقی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ اس کے بعد بھی چہل نے دو مزید بلے باز آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کے ایک اچھے ہدف تک پہنچنے کی امید بھی ختم کر دی۔
جنوبی افریقہ کی ناقص فیلڈنگ
روہت شرما اور ایم ایس دھونی کے کیچز چھوڑنا جنوبی افریقہ کو مہنگا پڑ گیا۔
جنوبی افریقہ کو اس ٹورنامنٹ میں اب تک تین لگاتار شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کی ایک وجہ تو ان کے اہم بولرز کا زخمی ہونا ہے، لیکن اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کی فیلڈنگ بھی تمام میچوں میں ناقص رہی ہے۔
اس میچ میں بھی ایک معمولی ہدف کے دفاع میں جنوبی افریقہ نے خراب فیلڈنگ اور متعدد کیچ چھوڑنے کی وجہ سے نہ صرف قیمتی رنز دیے بلکہ انڈیا پر موجود دباؤ بھی کم کر دیا۔ یہ اس لیے بھی حیران کن ہے کیونکہ عام طور پر جنوبی افریقہ اپنی شاندار فیلڈنگ کی وجہ سے جانی جاتی ہے۔