آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ناٹنگھم: بین سٹوکس نے انگلینڈ کو میچ اور سیریز جتوا دی
ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے بین سٹوکس کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی ہے۔
انگلینڈ نے 340 رنز کا مطلوبہ ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر حاصل کر لیا۔
میزبان ٹیم کی جیت میں بین سٹوکس نے اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 29 ویں اوور میں انگلینڈ کے دو بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انھوں نے پہلے جو روٹ کو محمد حفیظ کے شاندار کیچ کی بدولت آؤٹ کیا اور پھر جوز بٹلر کو بھی محمد حسنین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمز وینس اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے پاور پلے میں پاکستانی بولرز بالکل ناکام رہے اور انگلینڈ کے بلے بازوں نے بغیر کوئی خطرہ مول لیے ایک اچھی اوسط پر سکور جاری رکھا۔ تاہم 14 ویں اوور میں محمد حسنین نے جیمز وینس کو بولڈ کر دیا۔
پہلی اننگز میں جب انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تو پاکستانی بلے بازوں نے باعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کی جانب سے نمایاں بیٹنگ بابر اعظم نے کی جو 115 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا تھا تاہم امام الحق کوہنی پر بال لگنے سے زخمی ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے 116 رنز کی شراکت قائم کی۔
اس کے بعد فخر زمان تھامس کرن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انھوں نے 57 رنز بنائے۔ ان کی جگہ محمد حفیظ نے آ کر بابر اعظم کا ساتھ دینے کا سلسلہ جاری رکھا اور 59 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تیسری وکٹ تب گری جب بابر اعظم ایک شاندار سنچری کر کے آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آصف علی 17 اور عماد وسیم 12 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔
شعیب ملک بھی آخری اوورز میں پاکستانی مداحوں کی توقعات کے مطابق تیزی سے سکور نہ کر سکے اور 41 رنز پر ہٹ وکٹ کر کے آؤٹ ہو گئے۔
انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم کے ریگولر کپتان اوئن مورگن یہ میچ نہیں کھیل رہے۔ وہ تیسرے ون ڈے میں ٹیم کے سلو اوور ریٹ کی وجہ سے ایک میچ کے لیے معطل کر دیے گئے تھے۔
انگلینڈ نے اس میچ کے لیے معطل کپتان اوئن مورگن کی جگہ ٹیم میں آنے والے جوس بٹلر کے علاوہ چار مزید تبدیلیاں کی ہیں اور عادل رشید، جوفرا آرچر، جیمز ونس اور مارک وڈ بھی یہ میچ کھیل رہے ہیں۔
پاکستان نے بھی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور محمد حفیظ، شعیب ملک کے علاوہ نوجوان فاسٹ بولر محمد حسینین بھی پہلی مرتبہ اس سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
تاہم چکن پاکس کا شکار ہونے والے فاسٹ بولر محمد عامر یہ میچ بھی نہیں کھیل رہے۔
اب تک سیریز میں انگلینڈ کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا تاہم دوسرے ون ڈے میں انگلینڈ نے 12 رنز جبکہ تیسرے میچ میں چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔
ٹرینٹ بریج کے اس گراؤنڈ میں ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کے دو بڑے سکورز بن چکے ہیں۔ تین برس قبل انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف تین وکٹوں کے نقصان پر 444 رنز بنائے تھے جبکہ گذشتہ برس انگلینڈ نے اپنے روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف 481 رنز کا ٹوٹل بنایا تھا۔