پی ایس ایل: کوئٹہ نے اسلام آباد کو 43 رنز سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ فور کے متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے آخری میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 43 رنز سے شکست دے دی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نو وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا سکی۔

اسلام آباد کی جانب سے لیوک رانکی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کا آغاز اور عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو 64 رنز تک پہنچایا جب فواد احمد نے ڈیلپورٹ کو 25 رنز پر سٹمپ کر دیا۔ اس کے فوراً ہی بعد اُسی اوور میں انھوں نے نئے آنے والے فل سالٹ کو عمدہ گیند کے ذریعے چکمہ دے کر بولڈ کر دیا۔

اگلے ہی اوور میں محمد نواز نے خوبصورت گیند کرا کے آصف علی کو صفر پر بولڈ کر دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز:

احمد شہزاد کے جارحانہ 73 رنز کی بدولت اپنے مقررہ 20 اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 181 رنز بنائے اور ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ وہ شاید 200 کا ہندسہ عبور کر لیں لیکن یونائٹیڈ نے آخری مراحل میں عمدہ بولنگ کر کے ان کے نو کھلاڑی آّؤٹ کر دیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عماد بٹ نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ عماد بٹ نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 17 اوورز کے اختتام تک 152 رنز بنائے تھے اور ان کے صرف تین کھلاڑی آؤٹ تھے مگر یونائیٹڈ کی جانب سے شاندار بولنگ دیکھنے میں آئی جس کے بعد وکٹوں کا انبار لگ گیا اور 13 رنز کے عوض یونائیٹڈ نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد شہزاد کے علاوہ عمر اکمل نے 27 رنز بنائے جبکہ رائلی روسو نے 23 رنز کی اننگ کھیلی۔

کوئٹہ کی اننگز کے آغاز میں شین واٹسن کا جادو آج نہ چل پایا اور وہ 15 رنز بنا کر تیسرے اوور میں سمِت پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ شین واٹسن کو اس سال کے پی ایس ایل میں اب تک سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

اعظم خان اپنی بیٹنگ سے شائقین کو متاثر نہ کر پائے اور فہیم اشرف کی گیند پر 12 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اعظم خان جو کہ معین خان کے بیٹے ہیں آج اپنا پہلا پی ایس ایل کا میچ کھیل رہے تھے۔

رائلی روسو نے اپنی مختصر سی اننگ میں 2 چوکے اور ایک چھکا مارا اور 23 رنز بنائے، انھیں ظفر گوہر نے آؤٹ کیا۔ 152 کے مجموی سکور پر عمر اکمل 27 رنز بنا کر عماد بٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ احمد شہزاد نے نصف سنچری بنائی اور 73 رنز کی عمدہ اننگ کھیلننے کے بعد عماد بٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سرفراز احمد، سہیل تنویر اور ڈوئن براوو فہیم اشرف کی بولنگ کا نشانہ بنے اور تینوں کھلاڑی ایک ہی اوور میں یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوگئے۔ فواد احمد آؤٹ ہونے والے نویں کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پردوسرے نمبر پر ہے۔ گلیڈی ایٹرز نے اب تک آٹھ میچ کھیلے ہیں جن میں سے انھیں چھ میچوں میں کامیابی ملی جبکہ دو میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ ٹورنامنٹ میں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ یونائیٹڈ نے بھی آٹھ ہی میچ کھیلے ہیں جن میں سے انھیں نصف میچوں میں کامیابی اور نصف ہی میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ماضی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اس سے قبل آٹھ بار آمنا سامنا ہوچکا ہے اور کسی ٹیم کو دوسری ٹیم پر برتری حاصل نہیں۔ یونائیٹڈ اور گلیڈی ایٹرز کو ان مقابلوں میں چار چار بار کامیابی نصیب ہوئی۔

پی ایس ایل فور کے دوران ان دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے گذشتہ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

شین واٹسن کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 158 رنز کا مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔