پی ایس ایل فور: مصباح اور سیمی کی 100 رنز کی شراکت نے زلمی کو قلندرز کے خلاف چار وکٹوں سے کامیابی دلا دی

پاکستان سپر لیگ فور کے متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے آخری دو میچوں میں سے پہلا میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا گیا جس میں قلندرز کی جانب سے دیا گیا 125 رنز کا ہدف زلمی نے مصباح الحق اور ڈیرن سیمی کی شاندار 100 رنز کی شراکت کی مدد سے چھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

اس جیت کے ساتھ پشاور زلمی نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق نے پی ایس ایل فور میں اپنے دوسرے میچ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو سخت مشکل سے نکالا اور ناقابل شکست 59 رنز بنائے۔ اس کارکردگی پر انھیں مین آف دا میچ کا اعزاز بھی ملا۔

جب زلمی کی ٹیم 20 رنز پر پانچ وکٹیں کھو بیٹھی تھی تو ایسا لگ رہا تھا کہ قلندرز 125 رنز کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن مصباح اور ان کے ساتھ زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے قلندرز کی ساری امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

ان دونوں نے مل کر پی ایس ایل کی تاریخ میں چھٹی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت قائم کرتے ہوئے 100 رنز جوڑے اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

سیمی آخری اوور میں ریان ڈو شاٹے کی گیند پر 46 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے لیکن مصباح نے جیت یقینی بنائی۔

مصباح نے دسویں اوور میں نیپالی لیگ سپنر سندیپ لامی چانے کے اوور میں دو چھکے لگائے اور ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

حارث رؤف نے 18واں اوور کرایا جو کہ میچ کا پانسہ پلٹنے میں اہم ثابت ہوا۔ اس اوور میں ڈیرن سیمی نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 18 رنز بنائے اور جیت کے مزید قریب پہنچ گئے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے بہت عمدہ بولنگ کی اور چار اوورز میں 17 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے زلمی کی جانب سے پاکستانی اوپنر امام الحق اور ان کے ساتھ کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا مگر پہلا اوور کرانے والے شاہین آفریدی نے پانچویں گیند پر امام الحق کو چار رنز پر بولڈ کر دیا۔

راحت علی نے دوسرا اوور کرایا اور انھوں نے زلمی کے کامیاب اوپنر کامران اکمل کو شاندار گیند کے ذریعے بولڈ کر دیا۔

تیسرے اوور میں شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کی اور لگاتار دو گیندوں پر عمر امین اور اس کے بعد لیام ڈاوسن کو آؤٹ کر دیا۔

کچھ اوورز تک محتاط بیٹنگ کے بعد ڈیوڈ وائیز اپنے پہلا اوور کرانے آئے اور ساتویں اوور کی دوسری ہی گیند پر انھوں نے کئیرون پولارڈ کو بولڈ کر دیا جو صرف دو رنز بنا سکے۔

لاہور قلندرز کی اننگز:

لاہور قلندرز نے اپنے 20 اوورز کے اختتام پر 124 رنز بنائے تھے اور ان کے سات کھلاڑی آؤٹ تھے۔

قلندرز کی جانب سے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی اینٹون ڈیوسچ تھے جو پانچ رنز بنا کر ٹائمل ملز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان 11 رنز ہی بنا پائے اور ثمین گل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

رائن ٹین ڈوشاٹ صرف دو رنز ہی بنا پائے اور لیام ڈوسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ سہیل اختر بھی ثمین گل کی بولنگ کا نشانہ بنے اور 11رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

حارث سہیل نے ذمہ دارانہ اننگ کھیلی اور 43 رنز بنا کر ٹائمل ملز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ عمیر مسعود ٹائمل ملز کا تیسرا نشانہ بنے اور 22 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔

زلمی کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ٹائمل ملز نے 29 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ نوجوان فاسٹ بولر ثمین گل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی کی ٹیم ٹورنامنٹ میں دوسرے نمبر پر ہے اور کل وہ اپنا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ہار گئے تھے۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کے لیے یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری ہے۔ اپنا آٹھواں میچ کھیلنے والی لاہور کی ٹیم کے اب تک چھ پوائنٹس ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہیں۔

پی ایس ایل فور میں ان دونوں ٹیموں نے 17 فروری کو دبئی میں میچ کھیلا تھا جہاں لاہور کی ٹیم اس سال کے سب سے کم سکور پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پشاور کی جانب سے حسن علی نے 15 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں اور لاہور کی ٹیم کو 78 رنز پر ٹھکانے لگا دیا۔

اس قلیل ہدف کو زلمی کی ٹیم نے صرف تین وکٹیں گنوا کر حاصل کر لیا تھا۔

اس سے قبل لاہور قلندرز اور پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ میں اب تک سات بار آمنے سامنے آچکے ہیں اور زلمی کو قلندرز پر واضح برتری حاصل ہے۔ پشاور زلمی ان مقابلوں میں چھ بار فتح یاب رہی جبکہ قلندرز کو ایک بار ہی فتح نصیب ہوئی۔

پشاور زلمی کی ٹیم ڈیرن سیمی (کپتان)، کامران اکمل، امام الحق، عمر امین، مصباح الحق، کیرون پولارڈ، لییم ڈوسن، ٹائمل ملز، وہاب ریاض، حسن علی، اور سمین گل پر مشتمل ہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم فخر زمان (کپتان)،عمیر مسعود، اینٹون ڈیوسچ، سہیل اختر، ڈیوڈ وائز، حارث رؤف،حارث سہیل، سندیپ لمیچن، شاہین آفریدی، رائن ٹین ڈوشاٹ اور راحت علی پر مشتمل ہے