پی ایس ایل: ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی

دبئی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

ملتان سلطانز نے 122 رنز کا ہدف19ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ سلطانز کی جانب عمر صدیق 46 رنز بنا کر نمایاں رپے۔ سلطانز کے شعیب ملک اور ڈینیل کرسچیئن ناٹ آؤٹ رہے۔

جبکہ لوری ایونز ایک رن بنا کر محمد موسیٰ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اس سے پہلے عمر صدیق 46 رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ جے چارلس چار رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ اور جیمز ونس 28 رنز بنا کر سمتھ پٹیل کی گیند ہر کیچ آؤٹ ہوئے تھے۔

اسلام آباد کی اننگز

اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 18ویں اوور میں 121 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ یونائیٹڈ کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد موسیٰ تھے انھیں ڈین کرسچیئن نے آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے رومان رئیس بنا کوئی رن بنائے اور آصف علی کو بھی 22 رنز پر ڈین کرسچیئن نے آوٹ کیا تھا۔

شاداب خان چار رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ وائن پرنل کو محمد عرفان نے اپنی ہی گیند کیچ آؤٹ کیا انھوں نے پانچ رنز بنائے۔ سمتھ پٹیل 20 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ حسین طلعت بھی آٹھ رنز بنا کر شاہد آفریدی کا شکار بنے۔

جبکہ لیوک رونکی 32 رنز بنا کر ملتان سلطانز کے محمد الیاس کی گیند ہر کیچ آؤٹ ہوئے۔ صاحبزادہ فرحان چار رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے اور کیمرون ڈیلپورٹ کو محمد الیاس نے چار رنز پر آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

پی ایس ایل میں دونوں ٹیمیں اب تک پانچ، پانچ میچز کھیل چکی ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ پانچ میں سے تین میچز میں کامیاب رہی جب کہ ملتان سلطانز اب تک پانچ میں سے صرف ایک میچ میں فتح حاصل کرسکی ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جب کہ ملتان سلطانز 2 پوائنٹس کے ساتھ آخری یعنی چھٹے نمبر پر ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع انجری کے باعث میچ میں شرکت نہیں کر رہے ہیں ان کی جگہ نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

پی ایس ایل کے میچز اب شارجہ سے واپس دبئی منتقل ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے!

اس سے قبل شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 12 رنز سے شکست دی تھی۔ اس میچ کی اہم بات آخری اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع کی ہیٹ ٹرک تھی۔

جبکہ پی ایس ایل میں اپنے گذشتہ میچ میں ملتان سلطانز کو لاہور قلندرز نے چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اس سے پہلے 16 فروری کو دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آچکی ہیں جس میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 126 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔ اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

ملتان سلطانز کی ٹیم میں شعیب ملک (کپتان)، شاہد آفریدی، جیمز ونس، لوری ایونز، ڈینیل کرسچیئن، آندرے رسل، عمر صدیق، نعمان علی، جنید خان، محمد الیاس، عرفان خان اور محمد عرفان شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم لیوک رونکی، صاحبزادہ فرحان، آئن بیل، کیمرون ڈیلپورٹ، حسین طلعت، آصف علی، سمتھ پٹیل، شاداب خان، فہیم اشرف،وائن پرنل اور محمد موسی پر مشتمل ہے۔