آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ابوظہبی: عباس کی دس وکٹیں، پاکستان نے آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز ہرا دی
ابوظہبی میں پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 373 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک صفر سے جیت لی ہے۔
پاکستان نے آسٹریلیا کو اس میچ میں فتح کے لیے 538 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں 164 رنز ہی بنا سکی۔
محمد عباس پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی پانچ وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، اور اس طرح انھوں نے اس سیریز میں کل 17 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ 12 سال بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے کسی فاسٹ بولر نے ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں لی ہیں۔
محمد عباس کے علاوہ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں تین اور میر حمزہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا کی جانب سے لبوشین 43 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ انجری کے پاعث بلے بازی کرنے نہ آسکے۔
جمعے کو فنچ اور ٹریوس ہیڈ نے 49 رنز سے اننگز شروع کی اور سکور 71 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر محمد عباس نے ہیڈ کو وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ کروا کے پاکستان کو دوسری وکٹ دلوا دی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستانی کپتان سرفراز احمد زخمی ہونے کی وجہ سے جمعے کو میدان میں نہیں آئے اور ان کی جگہ کیپنگ کے فرائض محمد رضوان سرانجام دی۔
مارش برادران کی خراب کارکردگی کا سلسلہ اس اننگز میں بھی جاری رہا اور مچل مارش پانچ رنز بنا کر عباس کی دوسری اور پاکستان کی تیسری وکٹ بنے۔
اس سے قبل شان مارش چار رنز بنانے کے بعد کھیل کے تیسرے دن آخری سیشن میں میر حمزہ کی ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ بنے تھے۔
پاکستان کو چوتھی کامیابی بھی محمد عباس نے ہی دلوائی جب انھوں نے 31 رنز بنانے والے ایرون فنچ کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں
عباس نے ہی ٹم پین کو بولڈ کر کے اننگز میں اپنی چوتھی اور پاکستان کے لیے پانچویں وکٹ لی۔ وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔ اس وقت آسٹریلیا کا سکور 78 رنز تھا۔
چھٹی وکٹ کے لیے مچل سٹارک اور لبوشان کے درمیان 67 رنز کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ یاسر شاہ نے سٹارک کو ایل بی ڈبلیو کر کے کیا۔ سٹارک نے 28 رنز بنائے۔ یاسر نے ہی سٹارک کی جگہ آنے والے سڈل کو بھی تین رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 400 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی اور اسے آسٹریلیا پر 537 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی تھی۔
دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے چار بلے بازوں نے نصف سنچریاں بنائیں جن میں سے بابر اعظم صرف ایک رن کی کمی سے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔
ان کے علاوہ کپتان سرفراز احمد نے 81، اظہر نے 64 جبکہ فخر زمان نے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لائن چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے تھے۔ انھوں نے اس میچ میں کل آٹھ وکٹیں لی ہیں۔
ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 145 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی اور اس کے نتیجے میں پاکستان کو 137 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں محمد عباس نے پانچ، بلال آصف نے تین اور یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز دو میچوں پر مشتمل ہے۔ دبئی میں کھیلا جانے والے پہلا ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابری پر ختم ہو گیا تھا۔