ایشیا کپ 2018: پاکستان کو انڈیا کے ہاتھوں ایک اور شکست

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں اتوار کو انڈیا نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔

انڈیا ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے جبکہ کون سی ٹیم انڈیا کے ساتھ فائنل کھیلے گی اس کا فیصلہ بدھ کو بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان میچ میں ہو گا۔

ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کا یہ دوسرا ٹاکرا تھا اور دوسرے میچ بھی پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز سکور کیے اور انڈیا نے یہ ہدف باآسانی 40 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے کامیاب ترین بلے باز شعیب ملک رہے جنھوں نے 78 رنز بنائے۔ شعیب ملک اور سرفراز احمد کے درمیان 107 رنز کی شراکت بھی رہی۔

پاکستانی اننگز کا آغاز انتہائی محتاط انداز میں اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے کیا تھا۔ تاہم امام الحق دس رنز بنا کر لیگ سپنر چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد فخر زمان نے تھوڑا سا جاریحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی تو وہ کلدیپ یادوو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انھوں نے 31 رنز بنائے تھے۔ ری پلےز میں واضح نظر آ رہا ہے کہ گیند فخر زمان کے ہاتھ سے پہلے لگ کر گزری تھی اور ریوو پر شاید وہ بچ جاتے تاہم انھوں نے یہ آپشن استعمال نہیں کیا۔

بابر اعظم نے 25 گیندوں پر صرف نو رنز بنائے اور وہ ایک تیز سنگل لینے کے چکر میں رن آوٹ ہوگئے۔

اس کے بعد پاکستانی کپتان سرفراز احمد اور سینیئر ترین بلے باز شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 107 رنز کی شراکت قائم کی۔

سرفراز احمد 44 رنز بنا کر کلدیپ یادوو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

آصف علی کی آمد سے شعیب ملک کو قدرے آہستے کھیلنے کی گنجائش تو ملی مگر وہ اس کا زیادہ فائدہ نہ اٹھا سکے۔ وہ 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ہیں۔

آصف علی نے آ کر جارحانہ بلے بازی کی کوشش کی تاہم وہ بیس گیندوں پر 30 رنز بنا کر چاہل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

آج کے میچ کے لیے پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں۔ حارث سہیل اور عثمان خان کی جگہ محمد عامر اور شاداب خان ٹیم میں واپس آ گئے ہیں۔

پاکستان کے 237 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انڈین اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھون نے عمدہ بیٹنگ کی اور دونوں نے سینچریاں سکور کیں۔

روہت شرما نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سات چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 119 گیندوں میں 111 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

شیکھر دھون نے 14 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 100 گیندوں میں 114 رنز سکور کیے۔ وہ رن آؤٹ ہوئے۔