ساؤتھ ایمٹن ٹیسٹ: انگلش بیٹنگ لڑکھڑانے لگی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
برطانیہ کے شہر ساؤتھ ایمپٹن میں بھارت اور انگلینڈ کے مابین کھیلے جانے والے چوتھے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے اور اس وقت سیم کیورن 64 رنز پر اور سٹیورٹ براڈ 15 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
انگلینڈ کی طرف سے معین علی اور سیم کیورن نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 81 رنز کا اضافہ کیا اور ابتدائی نقصان کے بعد انگلینڈ کی اننگز کو درکار فولادی استحکام فراہم کیا ہے۔
انگش ٹیم نے جب ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے اوور سے ہی بھارتی بولرز نے سوئنگ کا بھرپور استعمال کیا اور 86 کے سکور پر انگلینڈ کے 6 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔
میچ کے پہلے دونوں اوورز میں انگلش بلے باز صرف ایک رنز ہی بنا سکے اور تیسرے اوور کی پہلی گیند پر بھارت کو پہلی کامیابی ملی۔
انگلش اوپنر کیٹنگ جیننگز کی اس سیریز میں مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوا جب تیسرے اوور کی پہلی گیند لیگ سٹمپ پر پچ کر کے اندر آئی اور ان کے شاٹ مکمل کرنے سے پہلے ہی جسپریت بھمرا کی آواز اور امپائر کی انگلی ایل بی ڈبلیو کے لیے اٹھ گئی۔
جسپریت بھمرا نے سوئنگ سے بھرپور تیز بالنگ جاری رکھی اور انگلش بیٹسمینوں کو سنبھلنے نہیں دیا۔ دوسرے اینڈ سے ایشانت شرما اور ہردیک پانڈیا نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
انگلینڈ کو دوسرا نقصان پانچ اوور کے وقفے کے بعد اس وقت ہوا جب ایشانت شرما نے انگلش بیٹنگ کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے بیٹسمین جو روٹ کو چار کے سکور پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ شرما کی سیدھی جاتی ہوئی گیند نے آخری لمحے آف سٹمپ کی طرف مڑ گئی اور روٹ اسے سمجھنے میں دیر کر بیٹھے۔ ڈی آر ایس کی اپیل میں بھی روٹ کا بلا گیند سے کوسوں دور دکھائی دیا۔
دوسرے اینڈ پر کھڑے انگلش اوپنر اور سابق کپتان ایلیسٹر کک نے بھارتی بولرز کا ڈٹ کر سامنا کرنے کی کوشش کرتے رہے اور بھمرا کی شارٹ پچ اور اوور پچ گیندوں کو نشانہ بنایا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم مجموعی سکور میں 13 رنز کے اضافے کے بعد جانی بیرسٹو بھی بھمرا کا شکار بن گئے۔ انھوں نے سولہ گیندوں پر چھ رن سکور کیے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بھارت کی جانب سے بولنگ میں پہلی تبدیلی ہونے پر عموماً محمد شامی یا دوسرا سٹرائیک بالر گیند کرنے آتا ہے تاہم اس بار کوہلی نے ہردیک پانڈیا کو لے کر آئے اور پانڈیا نے اپنے تیسرے ہی اوور میں انگلش اوپنر ایلیسٹر کک کی وکٹ لے کر بھارتی کپتان کا فیصلہ درست ثابت کردیا۔
ایلیسٹر کک نے 17 رن بنائے اور ہردیک پانڈیا کی گیند پر لیٹ کٹ شارٹ مارنے کی کوشش کی، تاہم گیند ان کے بلے کو چھوتی ہوئی باؤنڈری لائن کے جانب جانے کے بجائے تیسری سلپ میں بھارتی کپتان ورات کوہلی کے ہاتھ میں گئی۔
نئے بلے باز یاس بٹلر نے ہردیک پانڈیا کو نشانہ بنایا۔انھوں نے پانڈیا کی بولنگ پر ایک ہی اوور میں دو لگاتار چوکے مارے۔ بٹلر کا 23ویں اوور میں محمد شامی کی گیند پر وکٹ کیپر نے ان کا ایک کیچ بھی ڈراپ کیا۔تاہم وہ صرف بھارتی اٹیک کو کھانے کے وقفے تک ہی روک پائے۔ وقفے کے بعد انھوں نے پھر وہی غلطی کی اور اس بار کیچ وکٹ کیپر کے پاس نہیں بلکہ کوہلی کے پاس تیسری سلپ میں گیا۔ بٹلر نے 21 رن بنائے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے وکٹ کیپر جانی بیئرسٹو ہاتھ کی انگلی ٹوٹ جانے کی وجہ سے خدشہ تھا کہ وہ شاید یہ ٹیسٹ میچ نہ کھیل سکیں، تاہم انھیں میچ سے پہلے مکمل فٹ قرار دیا گیا۔
پانچ میچوں کی اس سیریز میں انگلینڈ کو دو ایک کی برتری حاصل ہے۔







