روی شاستری نے ’بوم بوم‘ کا خطاب دیا تھا: آفریدی

پاکستان کے شہرہ آفاق کرکٹر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ مشہور انڈین کرکٹر روی شاستری نے انھیں ’بوم بوم‘ کا خطاب دیا تھا۔

شاہد آفریدی کے ایک مداح نے جب ٹوئٹر پر ان سے پوچھا کہ انھیں ’بوم بوم‘ کاخطاب کس نے دیا تو شاہد آفریدی نے کہا معروف انڈین کرکٹر روی شاستری نے انہیں بوم بوم کا خطاب دیا تھا۔

شاہد آفریدی، جنھوں نے اکتوبر 1996 میں کینیا میں سری لنکا کے خلاف اپنے کریئر کے دوسرے ہی میچ میں صرف 37 گیندوں پر سنچری بنا کر کرکٹ کے ورلڈ سٹیج پر اپنی آمد کا اعلان کیا تھا۔

وہ اپنی ایسی ہی جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے بوم بوم آفریدی کے نام سے مشہور ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیئے

شاہد آفریدی نے کہا کہ وسیم اکرم اور گلین میگرا ان کے پسندیدہ بولر تھے۔ شاہد آفریدی کے ایک مداح نے جب ان سے پوچھا کہ ان تین بیسٹمینوں، کمار سنگاکارا، تلکارتنے دلشان اور اے بی ڈولیئرز میں سے وہ کسے بولنگ کرنا پسند کریں گے تو شاہد آفریدی نے کہا: ’اے بی ڈولیئرز‘

شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ انڈین اوپنر وریندر سہواگ کو بھی بولنگ کرنا پسند کرتے تھے۔

شاہد آفرید ی نے 2017 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انھوں نے اپنے کیریئر میں 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے، اور 99 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے۔

شاہد خان آفریدی نے 398 ون ڈے میچوں میں چھ سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 8064 رنز بنائے۔ ٹی ٹوئنٹی میں شاہد آفریدی نے 1416 رنز بنائے۔ شاہد آفریدی انے پنے ٹیسٹ کیریئر میں پانچ سنچریوں اور آٹھ نصف سنچریوں کی مدد سے 1716 رنز بنائے۔

شاہد آفریدی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن وہ اب بھی ٹی ٹوئنٹی پریمیئر لیگز میں کھیل رہے ہیں۔ شاہد آفریدی نے کریبئین پریمیئر لیگ میں جمیکا تلاوا کی طرف سے کھیلنا تھا لیکن گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے اس میں حصہ نہ لے سکے۔