آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان کی ہاکی ٹیم کی تیسری فتح، قازقستان کو 0-16 سے شکست
انڈونیشیا کے شہر جکارتہ اور پالیمبینگ میں منعقد ہونے والی 18ویں ایشین گیمز میں پاکستان کی ہاکی ٹیم نے اپنے تیسرے میچ میں قازقستان کو 0-16 سے شکست دے کر پول بی میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد توثیق ارشد نے چار گول کیے جبکہ ابو بکر محمود نے تین گول داغے۔
ٹورنامنٹ میں اس سے پہلے پاکستان نے اپنے پہلے دونوں میچ دس، دس گول کے مارجن سے جیتے تھے اور اب تک پاکستان کے خلاف ایک گول بھی سکور نہیں ہوا ہے۔
چار پریڈز پر مشتمل مقابلے میں پاکستان نے پہلے پیریڈ میں چار، دوسرے میں دو، تیسرے میں تین جبکہ آخری پیریڈ میں تابڑ توڑ حملے کے نتیجے میں سات گول سکور کر دیے۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان کا اگلا مقابلہ ملایشیا کے ٹیم سے 26 اگست کو جبکہ پول کا آخری میچ 28 اگست کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادھر پول اے میں جنوبی کوریا بھی تین میچ کھیل کر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے لیکن آج انڈیا جاپان سے مقابلہ کرے گا جہاں جیت کی صورت میں وہ زیادہ گول سکور کرنے کی بنا پر پہلی پوزیشن پر آجائیں گے۔
واضح رہے کہ ایشین گیمز میں چین اب تک 65 طلائی اور مجموعی طور پر 138 تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ جاپان 102 تمغوں کے ساتھ دوسرے اور جنوبی کوریا 75 تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
میزبان انڈونیشیا نے اب تک 32 تمغے حاصل کیے ہیں اور وہ پانچویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان نے اب تک ان مقابلوں میں صرف ایک تمغہ حاصل کیا ہے جب کبڈی کے مقابلوں میں اسے جنوبی کوریا سے سیمی فائنل میں شکست کے بعد کانسی کا تمغہ ملا۔