آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ایشیئن گیمز: انڈیا نے ہانگ کے خلاف 26 گول کیے جبکہ پاکستان نے عمان کے خلاف 10
انڈیا کے مردوں کی ہاکی ٹیم نے بدھ کو ہانگ کانگ کو صفر کے مقابلے میں 26 گول سے ہرا کر ایشیئن گیمز میں اپنی سب سے بڑی جیت اپنے نام کی۔ بدقسمتی سے ہانگ کانگ کی ٹیم ایک گول بھی نہ کر سکی۔
جکارتہ میں ہونے والی گیمز میں انڈیا کی ٹیم نے تقریباً ہر دو منٹ بعد ایک گول کر کے اپنا وہ 86 سالہ ریکارڈ توڑا جس میں اس نے 1932 کے اولمپکس مقابلوں میں امریکہ کو ایک کے مقابلے میں 24 گول سے شکست دی تھی۔
یہ بھی پڑھیئے
آٹھ مرتبہ اولمپکس چیمپیئن بننے والے انڈیا کی ٹیم نے میچ کے پہلے پانچ منٹ میں چار گول کیے اور کھیل ختم ہونے سے سات منٹ قبل اپنے گول کیپر کو بھی گول سے ہٹا لیا اور آگے آ کر حملے کرنے والوں میں شامل کر لیا۔
پیر کو انڈیا نے انڈونیشیا کو صفر کے مقابلے میں 17 گول سے شکست دی تھی۔
انڈیا کا اگلا میچ جمعہ کو جاپان کے خلاف ہو گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بدھ کو ہونے والے ایک اور میچ میں پاکستان نے عمان کو صفر کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دی ہے۔
پاکستان کی ’گرین شرٹس‘ جنھوں نے یہ گیمز پہلے آٹھ مرتبہ جیتی ہیں، پورے میچ میں عمان کی ٹیم پر حاوی رہیں اور عمان کے گول پر تابڑ توڑ حملے ہوتے رہے۔
پاکستان کے سبسٹیٹیوٹ کھلاڑی علی شان نے نہایت بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک بھی کی۔
اس سے پہلے بھی ایک میچ میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو 10 گول سے شکست دی تھی۔
دوسری طرف کوریا نے سری لنکا کو آٹھ گول سے شکست دی۔ اس طرح یہ ٹورنامنٹ ایک ’ہائی سکورنگ‘ ٹورنامنٹ بنتا جا رہا ہے جس میں بڑی ٹیمیں زیادہ سے زیادہ گول کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ آج تک نیوزی لینڈ کی ٹیم کا کسی بین الاقوامی میچ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ ہے۔ اس نے 1994 میں سمووا کی ٹیم کے خلاف ایک کے مقابلے میں 36 گول کیے تھے۔