آئی سی سی رینکنگ: فخر زمان ٹاپ 20 بلے بازوں میں شامل

فخر زمان

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنفخر زمان نے زمبابوے کے خلاف پانچ ایک زورہ میچوں کی سیریز میں 515 رنز بنائے تھے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے پہلی بار آئی سی سی کی ایک روزہ میچوں کی رینکنگ کے ٹاپ 20 بلے بازوں میں جگہ بنا لی ہے۔

فخر زمان نے زمبابوے کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 515 رنز بنائے تھے اور لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے فہرست میں 16ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ایک روزہ رینکنگ میں ٹاپ 20 بلے بازوں میں دو پاکستانی بلے باز شامل ہیں۔

رینکنگ میں بابر اعظم نے اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ جبکہ انڈیا کے وراٹ کوہلی پہلے اور انگلینڈ‌ کے جو روٹ تیسرے نمبر ہر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں!

بولنگ کے شعبے میں بھی پاکستانی بولرز کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔ فہیم اشرف 149ویں نمبر سے 79ویں جبکہ شادات خان 53ویں نمبر سے 31ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ایک روزہ کرکٹ میں بہترین بولرز کی فہرست میں انڈیا کے جسپریت بمراہ بدستور پہلے نمبر پر ہیں جبکہ افغانستان کے راشد خان اور پاکستان کے حسن علی نے بالترتیب اپنی دوسری اور تیسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

آئی سی سی کی ٹیموں کی درجہ بندی میں انگلینڈ 127 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انڈیا 121 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، جنوبی افریقہ 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، نیوزی لینڈ 112 پوانٹس کے ساتھ چوتھے اور پاکستان 104 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔