آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
فیفا ورلڈ کپ 2018: فرانس کے 19 سالہ مباپے نے میسی کی ارجنٹینا کا سفر ختم کردیا
روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ کے پہلے میچ میں فرانس نے ارجنٹینا کو چار تین سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کر دیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان بہت تیز کھیلا گیا اور فرانس کے 19 سالہ کلیئن مباپے نے دو گول کیے۔
میسی کی ارجنٹینا نے ایک مرحلے میں دو ایک سے برتری حاصل کر لی تھی لیکن فرانس کی جانب سے 11 منٹ میں دو گولوں نے ارجنٹینا کو دوبارہ دباؤ میں ڈال دیا۔
ارجنٹینا کو میچ کے آخری سیکنڈز میں گول کرنے کا ایک موقع ملا کہ وہ چار چار سے برابر کر لے لیکن وہ اس میں ناکام رہی۔
ارجنٹینا نے کئی کوششیں کیں لیکن جواب میں فرانس کے جوابی حملے ان کو پانچویں گول کے قریب لے آئے تھے۔
فرانس کے بارے میں پہلے راؤنڈ کے دوران کہا جا رہا تھا کہ ٹیم اچھا نہیں کھیل رہی اور یہ ٹیم ناک آؤٹ راؤنڈ میں بڑی ٹیموں کا کیسے مقابلہ کرے گی۔ لیکن آج کے میچ میں فرانس نے جواب دے دیا ہے کہ وہ دیگر ٹیموں کا مقابلہ نفاست، ہوشیاری، اور موثر طریقے سے کرے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
روسی شہر کزان میں دو ٹیموں کا ورلڈ کپ کے سفر کا اختتام ہوا ہے پہلے دفاعی چیمپیئن جرمنی اور اب ارجنٹینا۔
کلیئن مباپے نے ارجنٹینا کے خلاف ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں اپنے آپ کو فٹ بال کی دنیا میں متعارف کرایا ہے۔
اگرچہ اس میچ سے قبل پوری توجہ میسی پر تھی لیکن کلیئن مباپے کی شاندار کارکردگی نے میسی سے توجہ ہٹوا کر اپنے آپ پر کرائی جو کہ کافی عرصے تک یاد رکھی جائے گی۔
ارجنٹینا کی شکست نے میسی اور ارجنٹینا کے مینیجر سیمپولی کے کریئر پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
میچ میں کارکردگی پر مباپے کو فٹ بال کی دنیا کے مقبول ترین کھلاڑی پیلے کہا گیا لیکن مباپے نے کہا ’مجیں بہت خوش ہوں اور میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے پیلے سے ملایا گیا۔ لیکن پیلے کی لیول ہی کچھ اور ہے۔‘