پی ایس ایل: اوئن مورگن پاکستان نہیں جائیں گے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، شارجہ
انگلینڈ کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان اوئن مورگن پاکستان سپرلیگ کے میچز کے لیے پاکستان نہیں جائیں گے تاہم وہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے ضمن میں کی جانے والی کوششوں سے خاصے مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔
اوئن مورگن پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے کے لیے شارجہ پہنچے ہیں۔
مورگن کا کہنا ہے کہ یہ موسم سرما ان کے لیے خاصا مصروف گزرا ہے اور وہ دسمبر سے مسلسل دوروں پر ہیں لہذا وہ پاکستان سپر لیگ کے پاکستان میں کھیلے جانے والے میچز کے لیے دستیاب نہیں ہونگے۔
اوئن مورگن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔گذشتہ سال پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوا تھا جو کامیاب رہا اور جو کھلاڑی لاہور گئے تھے وہ خوش تھے۔
مورگن کا کہنا ہے کہ اس سیزن مزید پیش رفت ہوئی ہے اور ورلڈ الیون اور سری لنکن ٹیم کی شکل میں بین الاقوامی میچز لاہور میں کھیلے گئے ہیں جبکہ پی ایس ایل کے بھی چند میچز پاکستان میں رکھے گئے ہیں لہذا امید کی جاسکتی ہے کہ آنے والے برسوں میں مزید پیش رفت ہوگی جیسا کہ آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پاکستان کا دورہ کرنے والی ہے۔
خیال رہے کہ اوئن مورگن پہلے کھلاڑی نہیں ہیں جنہوں نے پاکستان جانے سے معذرت کرلی ہے۔ ان سے قبل انگلینڈ کے کیون پیٹرسن بھی پاکستان نہ جانے کا اعلان کرچکے ہیں۔
آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے پاکستان جانے کے بارے میں حتمی فیصلے کو اپنی فیملی سے مشاورت سے مشروط کررکھا ہے۔



