ذوالفقار علی بھٹو کی برسی، پاکستان ویسٹ انڈیز میچ کی تاریخ تبدیل

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئندہ ماہ کراچی میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ایک میچ کی تاریخ میں ردوبدل کر دیا گیا ہے اور تیسرا میچ چار اپریل کی بجائے اب تین اپریل کو کھیلا جائے گا۔
سیریز کے پہلے دو میچز طے شدہ شیڈول کے مطابق یکم اور دو اپریل کو کھیلے جائیں گے۔
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ تیسرے میچ کی تاریخ میں تبدیلی چار اپریل کو سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی وجہ سے کی گئی ہے اور یہ تبدیلی سندھ حکومت کی ہدایت پر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل بھی پچیس مارچ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جا رہا ہے جس کے فوراً بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
تین مارچ 2009 کو لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا سلسلہ رک گیا تھا۔
2015 میں زمبابوے کی ٹیم نے لاہور میں تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی کھیلے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ سال پاکستان سپرلیگ کا فائنل لاہور میں کھیلا گیا تھا جس کے بعد ورلڈ الیون اور سری لنکا کی ٹیم بھی لاہور میں میچ کھیلنے آئی تھی۔
کراچی نے آخری بار کسی بین الاقوامی میچ کی میزبانی 2009 میں کی تھی جو سری لنکا کے خلاف کھیلا گیا ٹیسٹ میچ تھا۔اسی ٹیسٹ سے اگلے ٹیسٹ کے دوران سری لنکن ٹیم پرحملہ ہوا تھا۔
کراچی میں اب تک صرف ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 2008 میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا جا چکا ہے۔








