ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کراچی آئے گی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے تینوں میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
انھوں نے یہ اعلان اتوار کے روز دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کیا۔
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ یہ میچز یکم، دو اور چار اپریل کو نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جو پہلے ہی 25 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی میزبانی کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
نجم سیٹھی نے کہا کہ کراچی والوں کی یہ دیرینہ خواہش تھی کہ وہاں بھی جلد سے جلد انٹرنیشنل کرکٹ دوبارہ شروع ہو۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ ورلڈ الیون گزشتہ سال ستمبر میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز اور پھر سری لنکا کی کرکٹ ٹیم اکتوبر میں لاہور میں ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلی تھی۔ لاہور پاکستان سپر لیگ کے دو پلے آف میچوں کی بھی میزبانی کررہا ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سکیورٹی ماہر ریگ ڈکیسن پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے بارے میں نیشنل سٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد مثبت رپورٹ دے چکے ہیں، ان کی کمپنی کے ماہر فائنل کے موقع پر دوبارہ کراچی میں موجود ہونگے اور وہ ویسٹ انڈین ٹیم کے دورے کے سلسلے میں سکیورٹی کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ دیں گے۔
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو کراچی میں کھیلنے کے لیے قائل کرنا آسان نہ تھا لیکن ان کی کوششیں کامیاب ثابت ہوئیں۔
انھوں نے کہا کہ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ سے ایک الگ معاہدے کے تحت پاکستانی ٹیم امریکہ میں اگلے پانچ سال میں سہ فریقی سیریز کھیلے گی جس میں تیسری ٹیم بنگلہ دیش ہو سکتی ہے۔








