آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پی ایس ایل 3: کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 63 رنز سے ہرا دیا
پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں آج کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 63 رنز سے شکست دے دی ہے۔ کراچی نے ملتان کو 189 رنز کا ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں ملتان کی ٹیم 125 پر ڈھیر ہوگئی۔
کراچی کی جانب سے شاہد آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے چار اوورز میں 18 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔ اس کے علاوہ محمد عرفان جونیئر نے دو جبکہ عماد وسیم، محمد عامر، اور عثمان شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اگرچہ ملتان کے اوپنرز نے جارحانہ انداز میں ہدف کا تعاقب شروع کیا تھا تاہم کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔ ملتان کے کامیاب ترین بلے باز احمد شہزاد رہے جنھوں نے 17 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیے
دبئی میں آج جب ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کراچی کے بلے بازوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان کے کسی بھی بولر کو جمنے نہیں دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کراچی کی پہلی وکٹ 21 کے مجموعی سکور پر گری جب ایل پی سمنز محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ تاہم اس کے بعد ڈینلی اور بابر اعظم نے پی ایس ایل 3 کی سب سے بڑی شراکت قائم کی۔
139 کے مجموعی سکور تک یہ پارٹنرشپ رہی۔ ڈینلی 55 گیندوں پر 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ 17ویں اوور میں ویلوہن نے لی۔
ان کے ساتھ بابر اعظم نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 58 رنز بنائے۔
یاد رہے کہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان اس ٹورنامنٹ میں جو پہلا میچ ہونا تھا وہ بارش کے باعث نہیں ہو سکا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا تھا۔
پی ایس ایل 3 میں ملتان نے اب تک نو میچ کھیلے ہیں جن میں سے چار میں کامیابی اور چار میں ناکامی ہوئی۔ اس کا ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ ملتان کے اس وقت نو پوائنٹس ہیں۔
ادھر کراچی نے اب تک سات میچ کھیلے ہیں جن میں سے چار جیتے ہیں، دو میں شکست ہوئی، اور ایک میچ ڈرا ہوا۔ کراچی کے پاس ابھی نو پوائنٹس ہیں۔