پی ایس ایل: لاہور قلندرز کی پہلی فتح، ملتان سلطانز کو چھ وکٹوں سے شکست

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پی ایس ایل تھری میں مسلسل چھ میچوں میں شکست کے بعد لاہور قلندرز کی یہ پہلی کامیابی ہے۔

شاہین آفریدی کو بہترین بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا جنھوں نے چار رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کا 115 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں پورا کر لیا۔ برینڈن مکلم 35 اور سہیل اختر 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

115 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ 33 کے سکور پر گری جب انتون ڈیوچ کو شعیب ملک نے آوٹ کیا، انھوں نے 22 رنز بنائے۔

فخر زمان 16 رنز بنا کر عمران طاہر کی گیند پر بڑی ہٹ لگانے کی کوشش میں پولارڈ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔

آغا سلمان صرف تین رنز بنا کر محمد عرفان کی پہلی وکٹ بنے۔

لاہور قلندرز کی چوتھی وکٹ 94 کے مجموعی سکور پر گری جب گلریز صدف 27 رنز بنا کر سیف بدر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل ملتان سلطانز کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے پانچ، سنیل نارائن نے دو جبکہ سہیل خان اور مکلیناہین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

دبئی میں کھیلے جارہے اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے تو کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد نے اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔

ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 61 کے مجموعی سکور پر گری جب سنگاکارا 45 رنز بنا کر سنیل نارائن کی گیند پر دیوچ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔

احمد شہزاد 32 کے انفرادی سکور پر مکلیناہین کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے گلریز صدف ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔

سنیل نارائن نے صہیب مقصود کو 97 کے مجموعی سکور پر بولڈ کر کے لاہور قلندرز کو تیسری کامیابی دلائی، انھوں نے 16رنز بنائے۔

شاہین آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 99 کے مجموعی سکور پر لگاتار دو گیندوں پر شعیب ملک اور وائٹلی کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ شعیب ملک تین اور وائٹلی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اسی اوور میں شاہین آفریدی نے سیف بدر کو بھی آؤٹ کر کے چھٹی وکٹ گرا دی۔

سہیل تنویر دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

آٹھویں آوٹ ہونے والے بلے باز پولارڈ تھے جنھیں سہیل خان نے نو رنز پر بولڈ کیا۔

آخری اوور میں شاہین آفریدی نے جنید خان اور محمد عرفان کو آؤٹ کرکے پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

رواں سیزن میں اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطان نے لاہور قلندر کو 43 رنز سے شکست دی تھی۔

اس میچ کی خاص بات جنید خان کی ہیٹ ٹرک تھی جب انھوں نے یاسر شاہ، کیمرون ڈلپورٹ، اور رضا حسن کو آوٹ کیا تھا۔