فیملی سے مشورے کے بعد پاکستان جانے کا فیصلہ کروں گا: شین واٹسن

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی

متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے کہا ہے کہ وہ اپنی فیملی سے مشورے کے بعد پاکستان جانے کا فیصلہ کریں گے۔

شین واٹسن کا کہنا ہے کہ پاکستان جانے کے بارے میں فیصلہ صرف ان کا اپنا نہیں ہو گا بلکہ اس میں ان کے والدین اور بیگم کی مرضی بھی شامل ہو گی۔

شین واٹسن کے مطابق وہ اس بارے میں اپنی فیملی سے جلد بات کریں گے لیکن اس مرحلے پر ان کے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فائنلز کے لیے کوالیفائی کرے۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

آسٹریلوی آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ ان کے ہم وطن کرکٹر بین کٹنگ نے ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا تھا تاہم انھیں بین کٹنگ کے ساتھ پاکستان کے بارے میں بات کرنے کا موقع نہیں مل سکا حالانکہ وہ ان کے ساتھ بگ بیش کھیلے تھے لیکن انھوں نے یہ باتیں ضرور سنی تھیں کہ ورلڈ الیون کے لاہور میں میچز خوش اسلوبی سے کھیلے گئے تھے۔

واٹسن نے کہا کہ وہ کوئی بھی فیصلہ کرتے وقت پاکستانی شائقین کے احساسات کو ضرور مد نظر رکھیں گے۔ وہ سنہ 2005 میں آسٹریلوی اے ٹیم کے ساتھ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اور انھیں معلوم ہے کہ پاکستانی کرکٹ سے کتنی زیادہ محبت کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ انھیں اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ کسی کی بھی نوجوان کے لیے اس سے زیادہ تکلیف دہ بات اور کیا ہو سکتی ہے کہ وہ اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو اپنے سامنے کھیلتا ہوا نہ دیکھ سکے۔

خیال رہے کہ شین واٹسن کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان سپر لیگ کے پچھلے فائنلز کھیل چکی ہے۔

گذشتہ سال لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے چاروں غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم تھی کیونکہ کیون پیٹرسن اور رائلے روسو نے سکیورٹی خدشات کے سبب پاکستان جانے سے انکار کر دیا تھا۔ کیون پیٹرسن اس سال بھی پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔