وسیم بھائی کی موجودگی ہیٹ ٹرک سے زیادہ اہم

جنید خان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولرجنید خان کو ہیٹ ٹرک سے زیادہ خوشی اس بات پر ہے کہ وسیم اکرم ان کے ساتھ موجود ہیں جن سے وہ بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ جنید خان نے پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی طرف سے لاہور قلندر کے خلاف لگاتار گیندوں پر یاسر شاہ، کیمرون ڈیل پورٹ اور رضا حسن کو آؤٹ کیا ۔

جنید خان سے جب بی بی سی اردو کے انٹرویو میں سوال کیا گیا کہ ہیٹ ٹرک کا خواب ہر بولر دیکھتا ہے تو کیا آپ کے ساتھ بھی یہی صورتحال تھی تو ان کا جواب خاصا منفرد تھا۔

’آپ کا خواب تو یہی ہوتا ہے کہ جو لیجنڈ ہوتا ہے جسے دیکھ کر آپ بھی اسی طرح کچھ کرنا چاہتے ہیں اور اگر وہ لیجنڈ آپ کے ساتھ ہو جائے تو اس سے زیادہ اہم بات اور کیا ہوسکتی ہے۔ میرے لیے تو ہیٹ ٹرک سے بڑھ کر خواب کی تعبیر یہی ہے کہ وسیم بھائی ( وسیم اکرم ) میرے ساتھ موجود ہیں۔‘

واضح رہے کہ وسیم اکرم ملتان سلطانز کے ڈائریکٹر کرکٹ ہیں۔

جنید خان نے ہیٹ ٹرک سے قبل کپتان شعیب ملک کی بات گرہ میں باندھ کر تیسری گیند کی تھی۔

’گیند اسکڈ ہورہی تھی اور بیٹسمین بھی ٹیل اینڈر تھا لہذا میں نے سوچ رکھا تھا کہ گیند اس کے جسم کی طرف کرنی ہے۔شعیب ملک نے بھی مجھ سے کہا کہ جو بھی کرنا ہے دل سے اور صحیح طریقے سے کرو ۔‘

،ویڈیو کیپشنشعیب بھائی نے کہا بڑے دل سے گیند کرو

جنید خان پاکستانی ٹیم میں دوبارہ شمولیت کے سلسلے میں خاصے پرامید ہیں۔

″میں جب بھی ٹیم سے باہر ہوا ہوں پرفارمنس کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی فٹنس کی وجہ سے باہر ہوا ہے اور جب آپ فٹ ہوکر دوبارہ واپس آتے ہیں تو آپ کو پہلے سے زیادہ اچھی کارکردگی دکھانی پڑتی ہے اور میں پاکستانی ٹیم میں واپسی کے لیے بہت زیادہ محنت کررہا ہوں۔‘

یاد رہے کہ جنید خان نے آخری بار پاکستان کی نمائندگی گزشتہ سال اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف شارجہ کے ون ڈے انٹرنیشنل میں کی تھی لیکن بنگلہ دیشی پریمئرلیگ میں پاؤں کے فریکچر کی وجہ سے وہ نیوزی لینڈ کے دورے سے باہر ہوگئے تھے۔

جنید خان ٹیسٹ کرکٹ میں 71ن ڈے میں 97 اور ٹی ٹوئنٹی میں8 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔