آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی تیسری پوزیشن
نیوزی لینڈ میں جاری انڈر 19 ورلڈ کپ میں تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے کھیلے جانے والا میچ بارش کی نذر ہو گیا جس کے بعد پاکستان کو ٹورنامنٹ کے قوائد کے مطابق گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی وجہ سے افغانستان کے خلاف میچ کا فاتح قرار دیا گیا۔
اس طرح پاکستان انڈر 19 ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔
جمعرات کو کوئنز ٹاؤن کے جان ڈیوس اوول میں کھیلنے جانے والا میچ گذشتہ رات کی بارش اور صبح کو مسلسل بوندا باندی کے باعث شروع نہ ہو سکا۔ میچ کے امپائرز نے مقامی وقت کے مطابق صبح 11.15 پچ کا جائزہ لیا لیکن اس موقع پر بارش دوبارہ شروع ہو گئی اور میچ شروع کرنے کے امکانات ختم ہو گئے۔
یہ فیصلہ پاکستان کے لیے سودمند ثابت ہوا جو ٹورنامنٹ کے گروپ مقابلے میں افغانستان سے شکست کھا چکا تھا۔ لیکن بعد میں پاکستان نے اپنی کارکردگی میں بہتری کا مظاہرہ کیا اور آئرلینڈ کے خلاف نو وکٹوں سے کامیابی کی مدد سے اپنے نیٹ رن ریٹ کو بہت بہتر کیا۔
ادھر افغانستان کی ٹیم آئرلینڈ سے چار رنز سے شکست کھا گئی جس کی وجہ سے انھیں گروپ میں دوسری پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا اور یہ ہار تیسری اور چوتھی پوزیشن کے مقابلے میں ان کو بھاری پڑ گئی۔
ٹورنامنٹ کا آخری میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا جب افغانستان کو ہرانے والی آسٹریلوی ٹیم کا فائنل میں انڈیا کے خلاف سامنا ہوگا جنھوں نے پاکستان کو 203 رنز سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی