پرتھ ٹیسٹ میں انگلینڈ کو شکست، ایشز سیریز آسٹریلیا کے نام

ایشز سیریز کے پرتھ میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ایک اننگز اور 41 رنز سے شکست دے کر میچ کے ساتھ سیریز بھی جیت لی ہے۔

اس سے قبل کھیلے جانے والے دونوں میچ میں آسٹریلیا نے فتح حاصل کرکے دو صفر کی سبقت حاصل کر لی تھی۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اس نے اپنی پہلی اننگز میں ڈیوڈ ملان اور وکٹ کیپر جانی بیئرسٹو کی سنچریوں کی بدولت 403 رنز بنائے۔

جواب میں آسٹریلیا نے کپتان سٹون سمتھ کی ڈبل سنچری اور مچل مارش کی جارحانہ سنچری کے بدولت نو وکٹوں کے نقصان پر 662 رنز بناکر اننگز دیکلیئر کر دی اور 259 رنز کی اہم سبقت حاصل کر لی۔

انگلینڈ اپنی دوسری اننگز میں ہیزل وڈ، سٹارک، کمنس اور لائن کی بولنگ کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ دکھا سکی اور جیمز ونس اور ملان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی نصف سنچری سکور نہ کرسکا۔

یہ بھی پڑھیں

ہیزل وڈ نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نیتھن لائن اور پیٹ کمنز کے حصے میں دو دو وکٹیں آئيں جبکہ سٹارک نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل برسبین میں کھیلے جانے والی ایشز 2017 سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے مہمان ٹیم کو 120 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔