آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
میں کرکٹ روبوٹ نہیں ہوں، مجھے آرام کی ضرورت ہے: ویراٹ کوہلی
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ انھیں بین الاقوامی کرکٹ میں آرام کی ضرورت ہے اور یہ کہ 'میں روبوٹ نہیں ہوں‘۔
امید کی جا رہی ہے کہ ویراٹ کوہلی کو سری لنکا کے خلاف جمعرات سے کولکتہ میں شروع ہونے والے سیریز کے آخری حصے میں نہیں کھیلایا جائے گا تاکہ وہ اگلے برس جنوری میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز کے لیے تازہ دم ہو جائیں۔
یہ بھی پڑھیے
سنہ 2017 میں کسی بھی انڈین کھلاڑی کے مقابلے میں سات ٹیسٹ، 26 ایک روزہ اور 10 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے ویراٹ کوہلی کا اس حوالے سے کہنا ہے 'یقینی طور پر مجھے آرام کی ضرورت ہے‘۔
انڈیا کے معروف بیٹسمین نے مزید کہا 'میں روبوٹ نہیں ہوں، آپ میری جلد کاٹ کر دیکھ سکتے ہیں کہ اس میں سے خون بہتا ہے۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ ویراٹ کوہلی کو سری کے خلاف کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچوں میں انڈین سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے لیکن یہ امید کی جا رہی ہے کہ انھیں تیسرے ٹیسٹ کے علاوہ تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں میں آرام دیا جائے گا۔
29 سالہ کوہلی بین الاقوامی کرکٹرز میں سب سے فٹ ہیں لیکن وہ نہیں چاہتے کہ خود کو بہت زیادہ تھکا دیں۔
اس حوالے سے ان کا کہنا ہے 'یہ وہ واحد چیز ہے جسے میرا خیال نہیں کہ لوگ اس کی وضاحت کر سکتے ہیں۔ کام کے بوجھ کے لحاظ سے بہت سی باتیں ہیں کہ آیا ایک کھلاڑی کو آرام دیا جائے یا نہیں۔'
انھوں نے کہا 'ہمیں اس بات پر اب خاص طور غور کرنا چاہیے کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ ہم نے اب 20 سے 25 کھلاڑی کی ایک مضبوط ٹیم بنائی ہے۔'
انھوں نے مزید کہا کہ انسان تھک جاتا ہے اور اپنی پرفارمنس برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔
دوسری جانب انڈین آل راؤنڈر ہردک پانڈے بھی زیادہ کھیل کے باعث سری لنکا کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور بنگلور میں قائم کرکٹ اکیڈمی میں ان کی تھراپی کی جا رہی ہے۔