مرسیڈیز ٹیم کے اہلکاروں کو لُوٹ لیا گیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
برطانوی فارمولا ون کار ریسر لوئس ہیملٹن کا کہنا ہے کہ ساؤ پاؤلو میں جمعے کی رات ان کی مرسڈیز ٹیم کے چند لوگوں کو پستول دکھا کر لوٹنے کی خبر نے انھیں ’پریشان‘ کر دیا ہے۔
مرسڈیز کے ملازمین کی ایک وین کو انٹرلیگوس ٹریک سے دور ایک سڑک پر روک لیا گیا تھا۔ اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
لوئس ہیملٹن کا کہنا ہے کہ ’گولیاں چلائی گئیں، ایک شخص کے سر پر پستول رکھا گیا۔ یہ انتہائی پریشان کن ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’یہاں یہ ہر سال ہوتا ہے۔ فارمولا ون اور اس کی ٹیم کو بغیر مزید عذر پیر کرنے کے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔‘
لوئس ہیملٹن کا کہنا تھا کہ ’براہ مہربانی میرے لوگوں کے لیے دعا کیجیے جو اس واقعے کے بعد بھی آج اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔‘
دوسری جانب مرسیڈیز کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’قیمتی اشیا چوری کر لی گئیں لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ سب کے سب افراد محفوظ رہے اور کوئی زخمی نہیں ہوا۔‘
ڈاکوں کے لیے مشہور اس سڑک پر فارمولا ون کے ہی کچھ لوگ بال بال بچے۔
واقعات کے مطابق ایک مسلح شخص اس گاڑی کے پاس آیا جس میں گورننگ باڈی ایف آئی اے کے اہلکار سوار تھے اور گاڑی کے شیشے کو اسلحے سے کھٹکھٹایا، تاہم چونکہ گاڑی بلٹ پروف تھی اس لیے وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حالیہ برسوں میں برازیلیئن گراں پری میں فارمولا ون کے اہلکاروں کو متاثر کرنے والے یہ تازہ سلسلہ وار واقعات ہیں۔







