انڈونیشیا: ساتھی کھلاڑی سے ٹکرانے کے بعد گول کیپر کی موت

،تصویر کا ذریعہ@PerselaFC
انڈونیشیا میں ایک فٹبال لیگ میچ کے دوران ایک گول کیپر کی اپنی ٹیم کے ایک کھلاڑی کے ساتھ ٹکر کے بعد موت واقع ہوگئی ہے۔
38 سالہ شوئرل ہودا کو اتوار کو ہسپتال پہنچایا گیا لیکن کچھ ہی دیر بعد ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
پرسیلا فٹبال کلب کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں گیا ہے کہ ’ڈاکٹر یودسٹرو اندری نگروہو کا کہنا ہے کہ ہودا کو سینے اور نچلے جبڑے پر چوٹ آئی تھی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ابتدائی تجزیے‘ کے مطابق ’انھیں ممکنہ طور پر سر پر چوٹ اور گلے پر چوٹ آئی۔‘
مشرقی جاوا کے شہر لمونگن میں واقع لمونگن ہسپتال کے ڈاکٹر نگروہو کا کہنا تھا کہ ٹکرانے کے باعث ہودا کا سانس رک گیا اور دل کا دورہ پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی میڈیکل ٹیم ان کا سانس بحال کرنے کوشش کی لیکن ایک گھنٹے کی کوشش کے باوجود ’زندگی کے آثار محسوس نہیں ہوئے۔‘

،تصویر کا ذریعہ@PerselaFC
جس میچ میں یہ واقعہ ہوا وہ پرسیلا اور سیمین پڈانگ کے درمیان تھا جو جاری رہا اور اس میں پرسیلا کلب نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی۔
پرسیلا فٹ بال کلب کا کہنا ہے کہ ان کے ہزاروں کی تعداد میں مداحوں نے گول کیپر کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب میں حصہ لیا۔ ہودا نے اس کلب کی پانچ سو سے زائد میچوں میں نمائندگی کی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پرسیلا کلب کے انسٹاگرام اکاونٹ پر بھی لوگوں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ اس صارف نے لکھا کہ ’پرسیلا، لمونگن اور انڈونیشین فٹ بال ٹیم کو متاثر کرنے کا شکریہ۔‘








