ابوظہبی ٹیسٹ میں سری لنکا کو چار وکٹوں کے نقصان پر 66 رنز کی برتری حاصل

ابوظہبی میں کھیلے جانے والی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 422 رنز پر آؤٹ ہو گئی جبکہ دن کے اختتام پر سری لنکا نے چار وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنائے تھے۔

سری لنکا نے چوتھے دن کے اختتام پر چار وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنائے تھے اور کریز پر لکمل اور مینڈس کریز پر موجود ہیں۔ سری لنکا کو دوسری اننگز میں 66 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے دو جبکہ حارث اور اسد شفیق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کی جانب سے کوشل سلوا اور کرونارتنے نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو 20 کے سکور پر یاسر شاہ کی گیند پر کرونارتنے شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھریمنے تھے جو 33 کے مجموعی سکور پر سات رنز بنا کر اسد شفیق کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد 51 کے سکور پر حارث سہیل نے کوشل سلوا ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ 65 کے مجموعی سکور پر چندی مل یاسر شاہ کا دوسرا شکار بنے جو سات رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے جانے والی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے آغاز پر پاکستان کی کوشش تھی کہ وہ سری لنکا کے سکور 419 کے قریب پہنچ جائے تاہم اس کی وکٹیں پے درپے گرتی رہیں۔

ایک وقت میں 340 کے سکور پر اس کی 8 وکٹیں گر چکی تھیں تاہم حارث سہیل کی 76 رنز اور حسن علی کے 29 رنز کی اننگز کے بدولت پاکستان سری لنکا پر تین رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔

کھیل شروع ہونے کے بعد سے پاکستان کے کل رات کے ناٹ آؤٹ بلےباز اظہر علی اپنی سینچری مکمل نہ کر سکے اور ہیراتھ کی گیند پر سماراوکرما کی ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد کپتان سرفراز تیز کھیلنے کی کوشش میں لکمل کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ انھوں نے 21 گیندوں پر 18 رنز بنائے تھے۔ سرفراز کچھ دیر کریز پر ٹکے رہے پھر ہیراتھ کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ یہ ہیراتھ کی چوتھی وکٹ تھی۔

سرفراز کے بعد عامر 4 رنز بنا کر لکمل کی گیند پر آؤٹ ہو گئے اور ان کے بعد آنے والے یاسر شاہ 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد حارث اور حسن علی کے درمیان 32 رنز کی شراکت داری اس وقت ختم ہوئی جب حسن علی 29 رنز پر ہیرتھ کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز حارث تھے جنھوں 76 رنز بنائے اور پردیپ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس سے پہلے کھیل کے تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں بےحد سست رفتاری سے کھیلتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کے اوپنر عمدہ شراکت کے بعد اوپر تلے آؤٹ ہوئے۔ شان مسعود 59 رنز بنا کر ہیراتھ کی گیند پر بولڈ ہوئے، جبکہ سمیع اسلم 51 کے انفرادی سکور پر پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ امپائر نے انھیں آؤٹ نہیں دیا تھا مگر سری لنکا نے ریویو لیا جس سے پتہ چلا کہ نیچے رہنے والی یہ گیند وکٹوں سے ٹکرا رہی تھی۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 195 کے مجموعی سکور پر گری جب ہیراتھ نے اسد شفیق کو 39 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا۔

اسد شفیق اور اظہر علی کے درمیان 79 رنز کی شراکت قائم ہوئی تھی۔

اظہر علی کے 5000 ٹیسٹ رنز

کھیل کے تیسرے روز پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین اظہرعلی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پانچ ہزار رنز مکمل کر لیے۔

وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے آٹھویں پاکستانی کرکٹر ہیں۔

یہ اظہرعلی کا 61 واں ٹیسٹ اور 115 ویں اننگز ہے۔ اس طرح وہ سب سے کم اننگز میں پانچ ہزار رنز مکمل کرنے والے چوتھے پاکستانی بیٹسمین بنے ہیں۔ ان سے قبل یونس خان، جاوید میانداد اور محمد یوسف نے ان سے کم اننگز کھیل کر پانچ ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

اظہرعلی نے ابوظہبی ٹیسٹ کی اس پہلی اننگز میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔

سری لنکا کے خلاف اظہرعلی کا ریکارڈ متاثر کن ہے اور انھوں نے اپنی 14 سنچریوں میں سے پانچ سری لنکا کے خلاف سکور کی ہیں۔