آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستانی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان، یاسر فٹنس مسائل کے باوجود ٹیم میں شامل
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 16رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے اور یاسر شاہ فٹنس مسائل کے باوجود بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
سرفراز احمد پہلی بار ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر میرحمزہ پہلی بار پاکستانی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ وہ اس سے قبل پاکستان انڈر19 اور پاکستان اے کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
میر حمزہ کے علاوہ محمد اصغر، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین اور بلال آصف بھی ایسے کرکٹر ہیں جو ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلے ہیں البتہ حارث سہیل، عثمان صلاح الدین اور بلال آصف محدود اوورز کی انٹرنیشنل کرکٹ کھیل چکے ہیں۔
انضمام الحق کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نے قومی کیمپ کے اٹھارہ کھلاڑیوں میں شامل محمد رضوان اور احمد شہزاد کو ڈراپ کرتے ہوئے بقیہ 16 کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کو اوپنر اظہر علی اور لیگ سپنر یاسر شاہ کی فٹنس سے خاصی فکر لاحق ہے تاہم یہ دونوں ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
اظہر علی کے گھٹنے میں تکلیف ہے جبکہ یاسر شاہ کیمپ میں ٹریننگ کے دوران مکمل طور پر فٹ نہیں پائے گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سرفراز احمد ( کپتان )، اظہرعلی، شان مسعود، سمیع اسلم، بابراعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، یاسرشاہ، محمد اصغر، بلال آصف، میرحمزہ، محمد عامر، حسن علی، محمد عباس اور وہاب ریاض۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 28 ستمبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جبکہ دبئی چھ اکتوبر سے دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔