ویمن ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف 159 رنز سے شکست

انگلینڈ میں جاری آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کے 15 ویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 159 رنز سے شکست دے دی ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں یہ پاکستان کی چوتھی شکست ہے۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 290 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 131 رنز ہی بنا سکی۔

ای جے ویلانی کو جارحانہ اننگز کھیلنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے کرسٹین بیمز اور گارڈنر نے تین، تین جبکہ سارہ ایلی دو وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہیں۔

پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں ہوا اور کوئی بھی بلے باز کریز پر جم کر نہ کھیل سکیں۔

کپتان ثنا میر نے سب سے زیادہ 45 اور ارم جاوید نے 21 رنز سکور کیے۔ عائشہ ظفر آٹھ، ناہیدہ خان صفر اور مرینا اقبال نو رنز بنا سکیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیری نے 66، ہیلی نے 63 اور ولانی نے 59 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ثنا میر نے تین، سادیہ یوسف نے دو، اسماویہ اقبال، ڈیانا بیگ اور مارینہ اقبال نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے تین میچوں میں پاکستان کو جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور انڈیا کے خلاف شکست کا سامنا رہا جبکہ آسڑیلیا کی ٹیم اب تک اپنے تینوں میچ جیت چکی ہے۔