افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ ٹیم کا درجہ مل گیا

افغانستان اور آئرلینڈ کی ٹیموں کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی فل ممبرز کا درجہ دے دیا گیا ہے جس کے بعد اب یہ دونوں ممالک بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیل سکیں گے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جمعرات کو اوول میں آئی سی سی کی فل کونسل میٹنگ کے دوران اتفاق رائے سے افغانستان اور آئرلینڈ کو فل ممبر بنانے کی تصدیق کی گئی۔

لہذا اب افغانستان اور آئرلینڈ کی ٹیمیں اب ٹیسٹ کرکٹ کھیل سکیں گی لیکن اس قبل ممبر شپ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق ان ممالک کی درخواستوں کو نئے ممبرشپ طریقۃ کار کے تحت دیکھنے کے بعد اجازت کے لیے بھیجا جائے گا۔

اس موقع پر آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ ’میں افغانستان اور آئرلینڈ کورکن ممالک کا درجہ حاصل کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ یہ ان ممالک کی کرکٹ کے لیے لگن اور اپنے ممالک کے لیے میدان پر ان کی کرکٹ میں بہتری کا نتیجہ ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’دونوں ممالک نے دکھایا ہے کہ وہ نئے معیار پر پورا اترتے ہیں اسی لیے انھیں فل ممبرشپ حاصل ہوئی ہے۔‘

افغانستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شفیق ستنکزئی نے اس موقع پر کہا کہ ’افغانستان جیسے ملک کے لیے یہ ایک بڑی اور زبردست کامیابی ہے۔ پوری قوم اس خبر پر ملک بھر میں جسن منائے گی۔ یہ عید کا بہترین تحفہ ہے۔‘

دوسری جانب کرکٹ آئرلینڈکے چیف ایگزیکٹیو وارین ڈیوٹران نے کہا کہ ’ہم خوش ہیں اور فخر محسوس کر رہے ہیں آج اس تاریخی اعلان پر۔ یہ ہزاروں پرجوش کھلاڑیوں اور ٹیلنٹ، کوچز، سٹاف کلبز اور کمیٹی کے ارکان کی حوصلہ افزائی ہے۔‘

خیال رہے کہ اس اعلان کے بعد آئی سی سی کے رکن ممالک کی تعداد اب بارہ ہو گئی ہے۔