انڈیا پاکستان میچز میں وہ لمحات جب کھلاڑیوں کو غصہ آیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا اورپاکستان کے درمیان کرکٹ کا مقابلہ ہو تو فینز کا جوش و خروش بھی آسمان چھونے لگتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میچ میں کرکٹ کا ٹیلنٹ تو نظر آتا ہی ہے، ساتھ ہی دونوں ٹیموں کے درمیان ایک خاص قسم کی تلخی بھی نظر آتی ہے۔
ان دنوں اگرچہ کرکٹ کی یہ 'دشمنی' کم نظر آ رہی ہیں لیکن دورانِ کھیل دونوں جانب کے کھلاڑی اضافی دباؤ میں رہتے ہیں اور یہ کشیدگی جب عروج پر پہنچتی ہے تو بات آپا کھونے تک آ پہنچتی ہے۔ ماضی میں ایسا کئی بار ہو چکا ہے۔
انگلینڈ اور ویلز میں جاری آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا اور پاکستان ایک بار پھر اتوار کو آمنے سامنے ہیں۔
دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کے درمیان کرکٹ کے میدان میں رسہ کشی رہی ہے جس کا جواب کئی دفعہ بیٹ یا گیند سے دیا گیا ہے اور بعض مواقع پر بات کرکٹ سے آگے نکل گئی ہے۔
1۔ میانداد اور چیتن شرما

،تصویر کا ذریعہGetty Images
شارجہ، 1986
یہ ایک ایسا میچ تھا جسے شاید دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین کبھی نہیں بھلا پائیں گے۔ آسٹریلیا کپ کے فائنل مقابلے میں انڈیااور پاکستان آمنے سامنے تھے۔
آخری اوور کی آخری گیند پر پاکستان کو جیتنے کے لیے چار رنز کی ضرورت تھی۔
انڈیا کے چيتن شرما نے گیند پھینکی اور سامنے کریز پر کھڑے پاکستانی بلے باز جاوید میانداد نے اسے باؤنڈری کے پار پہنچا دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
میچ کے بعد میانداد ہیرو بن گئے اور چیتن شرما ولن۔ شرما کو انڈیا واپسی پر کافی تنقید کا سامنا رہا۔
2. کرن مورے-جاوید میانداد

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سڈنی، 1992
پاکستانی بلے باز جاوید میانداد اور عامر سہیل کافی اچھی بیٹنگ کر رہے تھے۔
اسی دوران انڈیا کے وکٹ کیپر کرن مورے نے پیچھے سے کچھ بولنا شروع کیا۔
وہ بیچ بیچ میں اپیل کر رہے تھے تو کود بھی رہے تھے۔ مورے کی یہ حرکت میانداد کو ناگوار گزری اور وہ انھیں تنگ کرنے کے لیے اچھل پڑے۔
اس پر ایک طرف جہاں مورے اور دوسرے لوگوں کی ہنسی چھوٹ گئی وہیں میانداد کی یہ حرکت تاریخ کا حصہ بن گئی۔
اس کے بعد بھی دونوں كھلاڑيوں کے درمیان کچھ تکرار ہوئی، جس کے بعد امپائر نے بیچ بچاؤ کیا۔
3. وینکٹیش پرساد-عامر سہیل

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بنگلور، 1996
اس میچ میں ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مقابلے میں انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 287 رنز بنائے۔
پاکستان نے اچھا آغاز کیا اور ان کی طرف سے عامر سہیل زبردست اننگز کھیل رہے تھے۔ یکایک میچ میں وہ موڑ آیا جس نے نتیجہ الٹ دیا۔
اس موقعے پر انڈیا کے میڈیم فاسٹ بولر وینکٹیش پرساد اور پاکستان کے عامر سہیل کے درمیان تکرار شروع ہوئی۔
مسلسل دو باؤنڈری لگانے کے بعد سہیل نے وینکٹیش کی طرف اشارہ کیا جیسے یہ کہہ رہے ہوں کہ اگلی گیند بھی باؤنڈری کے پار پہنچائیں گے۔
لیکن اگلی ہی گیند پر وینکٹیش نے سہیل کو کلین بولڈ کر دیا اور پویلین کی طرف جانے کا اشارہ کیا۔
4. سچن، سہواگ-شعیب اختر

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سینچورین، 2003
سنہ 2003 کے آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف انڈیا نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انتہائی جارحانہ بلے بازی کی۔
اس میچ میں سچن تندولکر نے 75 گیندوں میں 98 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
پاکستان کے فاسٹ بولر شعیب اختر نے سچن کی پرفامنس پر اثر ڈالنے کے لیے مسلسل سلیجنگ جاری رکھی۔
اس موقع پر ان کے سامنے وریندر سہواگ کھڑے تھے جنھوں نے اختر کو جواب دینا شروع کیا۔
لیکن دوسرے سرے پر بیٹنگ کرنے والے سچن تندولکر اپنے بیٹ سے جواب دیتے رہے۔
شعیب کی تیز رفتار گیند آتی اور سچن کے بلے سے ٹکراکر سٹینڈز میں پہنچ جاتی۔












