آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
چیمپیئنز ٹرافی: انڈیا نے جنوبی افریقہ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی
انگلینڈ اور ویلز میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں گروپ بی کے اہم میچ میں انڈیا کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو بآسانی آٹھ وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جہاں وہ بنگلہ دیش کے مدمقابل ہو گی۔
وارٹ کوہلی اور شیکھر دھوان کی شاندار 128 رنز کی شراکت کی مدد سے انڈیا نے جنوبی افریقہ کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔
کپتان وراٹ کوہلی 76 رنز اور یوراج سنگھ 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یوراج سنگھ نے 38ویں اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر میچ ختم کیا۔
انڈیا کے جسپریت بمراہ کو ان کی نپی تلی بولنگ کے باعث مین آف دی میچ کا اعزاز ملا۔
انڈیا کے جانب سے روہت شرما اور شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا تو روہت شرما 12 رن بنا کر مورکل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد شیکھر دھوان نے کپتان کوہلی کے ساتھ مل کر شاندار بیٹنگ کی اور 128 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد 78 رنز بنا کر دھوان عمران طاہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اوول میں کھیلے جا رہے اس میچ میں انڈیا کا ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا فیصلہ سودمند ثابت ہوا اور انھوں نے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم کو 191 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 45 ویں اوور میں آؤٹ ہو گئی اور سوائے کوئنٹن ڈی کاک کے کوئی کھلاڑی نصف سنچری مکمل نہ کر سکا۔
انڈیا کی جانب سے تمام بولرز نے عمدہ کارگردگی دکھائی جس کے سامنے جنوبی افریقی بلے باز بے بس نظر آئے۔ بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ نے دو، دو جبکہ ایشون، جاڈیجا اور پانڈیا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈی کاک اور ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا اور محتاط طریقے سے بیٹنگ کرتے ہوئے سکور 76 تک لے گئے جب 18ویں اوور میں ہاشم آملہ 35 رنز بنا کر ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے روی چندر ایشون کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
25ویں اوور میں رویندرا جڈیجا نے کوئنٹن ڈی کاک کو بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی۔ ڈی کاک نے 53 رنز بنائے۔
29ویں اوور میں فاف ڈو پلیسی نے پوائنٹ کی جانب شاٹ کھیل کر ایک خطرناک رن لینے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں کپتان اے بی ڈی ویلیئرز رن آؤٹ ہو گئے جنھوں نے 16 رنز بنائے تھے ۔
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کی بیٹنگ ناکام ہوتی دکھائی دی۔
ڈیوڈ ملر ایک، فاف ڈو پلیسی 36، کرس مورس چار، پہلکوایو چار، کگیسو ربادا پانچ اور مورن مورکل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے
آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عمران طاہر تھے جو کے جنوبی افریقہ کے رن آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی رہے۔
گروپ بی کا دوسرا اہم میچ پاکستان اور سری لنکا کے مابین پیر کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز گروپ اے کے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی جس کے بعد بنگلہ دیش نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ انگلینڈ کی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔