آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستانی کرکٹرز افغان ٹی ٹوئنٹی لیگ نہیں کھیل سکیں گے
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے کرکٹرز کو افغانستان میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں حصہ لینے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے ۔
یاد رہے کہ افغانستان میں 18 جولائی سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شریک مختلف فرنچائزز نے پانچ پاکستانی کرکٹرز کامران اکمل، عمراکمل، بابراعظم، سہیل تنویر اور رومان رئیس کی خدمات حاصل کی تھیں۔
بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے کرکٹرز، کوچز اور امپائرز کو این او سی جاری نہیں کر رہا کیونکہ وہاں سکیورٹی کی صورتحال بہت خراب ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ قدم افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والی دو میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی منسوخی کے اعلان کے بعد اٹھایا ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان کرکٹ روابط گذشتہ دنوں کابل میں ہونےوالے بم دھماکے کے بعد متاثر ہوئے ہیں۔
اس واقعے کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ نے فوری طور پر پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا حالانکہ دونوں کرکٹ بورڈز نے گذشتہ ہفتے ہی دو طرفہ سیریز اور کھیل کے دوسرے شعبوں میں تعاون کا اعلان کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
افغانستان نے کابل میں ہونے والے بم دھماکے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ پاکستان نے اس الزام کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔